صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی 2 روزہ دورے پر چین روانہ

  • March 16, 2020, 4:11 pm
  • National News
  • 156 Views

اسلام آباد: صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی 2 روزہ دورے پر چین روانہ ہو گئے، ڈاکٹر عارف علوی چینی ہم منصب کی دعوت پر چین کا دورہ کر رہے ہیں، دورے کا مقصد چینی حکومت اور عوام کے ساتھ اظہار یک جہتی کرنا ہے۔

دریں اثنا، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیاتی امور اسد عمر نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان کل بیجنگ میں مزید معاہدے ہوں گے، انھوں نے آج اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ کے ذریعے خبر دی کہ کل بیجنگ میں مزید پاک چین معاہدے ہوں گے، اور نئے معاہدوں کے تحت 2 نئے ورکنگ گروپس تشکیل دیے جائیں گے۔

اسد عمر نے لکھا کہ ورکنگ گروپس سی پیک، زراعت اور سائنس و ٹیکنالوجی سے متعلق ہوں گے، معاہدوں سے سی پیک معاہدہ انفرا اسٹرکچر سے اقتصادی شراکت داری میں تبدیل ہوگا، سی پیک کا نیا مرحلہ باہمی تعاون اور شراکت کو مزید وسعت دے گا، نئے معاہدوں سے ترقیاتی منصوبوں کی رفتار مزید تیز ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ توسیع کے ایک نئے مرحلے میں داخل ہو گیا ہے، اور اب تعاون کے شعبہ جات بھی بڑھ رہے ہیں اور شراکت داری کے منصوبے بھی بڑھتے جا رہے ہیں۔