پاکستان میں کورونا وائرس کے کل مریضوں کی تعداد 184ہوگئی ہے

  • March 17, 2020, 11:49 am
  • COVID-19
  • 130 Views

پاکستان میں کورونا وائرس کے کل مریضوں کی تعداد 184ہوگئی ہے۔ تفتان سے سکھر آنے والے مزید 106، کراچی میں 8، خیبرپختونخوا میں 15 جبکہ حیدر آباد اور ملتان میں کورونا وائرس کا ایک ایک کیس سامنے آیا۔

اگر صرف سندھ کی بات کریں تو جیونیوز کے مطابق وہاں مزید115کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد صوبے میں مجموعی تعداد 150 ہوگئی ہے۔سکھر میں ایک سو چھ نئے مریضوں کے ساتھ کل تعداد119جبکہ کراچی شہر میں آٹھ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد کل تعدادتیس ہوگئی ہے۔ اس کے علاوہ ایک کیس حیدرآباد میں سامنے آیا ہے۔

دوسری جانب خیبر پختونخوا کے وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا کی جانب سے خیبر پختونخوا میں 15کورونا کیسزسامنے آنے کی تصدیق کی گئی ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کئے گئے بیان میں تیمور سلیم جھگڑا نے بتایا کہ19افراد ایک ہفتہ قبل تفتان سے ڈیرہ اسماعیل خان پہنچے تھے جن میں سے15کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ان متاثرہ افراد کو قرنطینہ میں رکھا گیا تھا۔

ملتان میں ایک کیس کی تصدیق ہونے کے بعد پنجاب میں مریضوں کی کل تعداد دو ہوگئی ہے۔پہلا کیس لاہور میں سامنے آیا تھا۔

فوکل پرسن ڈاکٹر عطاالرحمان کے مطابق ملتان کے نشترہسپتال میں داخل خاتون مریض بھی تفتان سے ڈیرہ غازیخان پہنچی تھیں۔ان کی عمر چوالیس سال ہے اور وہ لیہ کی رہائشی ہیں۔ملتان ہی میں مزید دومشتبہ افراد کے ٹیسٹ کی رپورٹ آنا ابھی باقی ہے۔

اس طرح سندھ سے 150، خیبر پختونخوا میں 15، بلوچستان میں 10، اسلام آباد میں 4، گلگت بلتستان میں 3 اور پنجاب میں کورونا کے 2 مریض ہیں۔ ملک بھر میں ایمرجنسی نافذ ہے جبکہ تعلیمی ادارے، شادی بیاہ کی تقریبات اور مزارات بھی بند کردیئے گئے ہیں۔