اٹلی میں کورونا وائرس سے مزید 349 افراد ہلاک، اموات 2100 سے تجاوز

  • March 17, 2020, 11:50 am
  • COVID-19
  • 124 Views

اٹلی میں کورونا وائرس کے وار مزید تیز ہوتے جارہے ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹے میں مزید 300 سے زائد افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یورپی ملک اٹلی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 3233 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 27980 تک جاپہنچی ہے۔

اٹلی میں کورونا وائرس کے زیرعلاج مریضوں کی تعداد چین سے بھی کئی گنا بڑھ چکی ہے اور اس وقت 23073 افراد زیر علاج ہیں جبکہ چین میں اِس وقت زیر علاج مریضوں کی کل تعداد 9848 ہے۔

رپورٹس کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں اٹلی میں کورونا وائرس سے مزید 349 افراد ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد بھی 2158 ہوگئی ہے۔

خیال رہے کہ اٹلی میں اِس وقت لاک ڈاؤن جاری ہے اورسیکڑوں افراد کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔

حکومت کی جانب سے ملک بھر میں اجتماع کی بھی اجازت نہیں ہے جس کے باعث کورونا وائرس سے مرنے والے افراد کی تجہیز و تدفین میں بھی کوئی شریک نہیں ہوتا ہے۔

دوسری جانب چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والے مہلک کورونا وائرس سے چین میں اب تک 3213 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 80880 ہے۔

اس کے علاوہ ایران، امریکا، اسپین، جرمنی اور دیگر ممالک میں 1699افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ اٹلی کی ہلاکتیں 2158 ہیں۔