پی ایس ایل 5 کھیلنے والے غیر ملکی کھلاڑی میں کرونا وائرل کی علامات ظاہر ہونے لگیں

  • March 17, 2020, 1:55 pm
  • COVID-19
  • 267 Views

کراچی کنگز کے برطانوی بلے باز ایلکس ہیلز میں کرونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے کہاہے کہ جس وقت لاہور میں سیمی فائنل اور فائنل میچ کروانے کی تجویز دی گئی تو پی ایس ایل کی تین فرنچائز ز نے اعتراض کیا تھا کہ کراچی میں ٹیمیں موجود ہیں اور کراچی میں ہی باقی میچ کروائے جائیں جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیموں کے درمیان ووٹنگ کروائی تھی ۔
ووٹنگ کے دوران تین ٹیموں نے لاہور میں کروانے اور تین نے کراچی میں کروانے کیلئے ووٹ دیا اور یوں ووٹ برابر ہو گئے جسکے بعد پی سی بی نے اپنا اختیار استعمال کرتے ہوئے میچز لاہور میں کروانے کا فیصلہ کیا جن تین ٹیموں نے لاہور میں میچز کروانے کیخلاف ووٹ دیا تھا ان میں سے ایک ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز تھی جو کہ ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی جبکہ کراچی کنگز نے بھی کراچی میں ہی میچز کروانے کیلئے ووٹ دیا ۔
نجی ٹی وی نے دعویٰ کیا کہ کراچی کنگز کے برطانوی بلے باز ایلکس ہیلزکی طبیعت ناساز تھی جس پر انہوں نے وطن واپس جاکر کرونا وائرس کا ٹیسٹ کروانے کے بعد خود کو آئی سولیشن میں کر دیا ۔نجی ٹی وی کے مطابق ایلکس ہیلز میں کرونا وائرس کی علامات بھی ظاہر ہوئی ہیں اور اب ان کے ساتھ کھیلنے والے دوسرے کرکٹرز میں بھی گھبراہٹ پائی جارہی ہے ۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے میچز منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا گیاہے اور ٹویٹر پر جاری پیغام میں کہا گیاہے کہ ملتوی کیے جانے والے میچز کا شیڈول جلد ہی دوبارہ جاری کیا جائے گا اور اس حوالے سے تفصیلات بعد میں فراہم کی جائیں گی ۔
پی سی بی نے براڈ کاسٹنگ ٹیم کو بھی آگاہ کر دیاہے جس کے بعد انہوں نے قذافی سٹیڈیم میں لگائے گئے کیمرے اور دیگر سازو سامان اتارنا شروع کر دیا ہے اورواپسی کیلئے تیاری پکڑ لی ہے ۔