کرونا وائرس، پاک افغان بارڈر 17 ویں روز بھی بند، باب دوستی کے قریب قرنطینہ قائم

  • March 18, 2020, 12:42 pm
  • COVID-19
  • 257 Views

چمن :کروناوائرس کاپھیلاؤ روکنےکیلئےچمن میں پاک افغان بارڈر سترہویں روز بھی بند ہے تاہم باب دوستی کے قریب قرنطینہ قائم کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کےپھیلاؤکےباعث پاک افغان بارڈر17ویں روز بھی بند ہے ، سرحد کی بندش سے افغان ٹرانزٹ ٹریڈاورنیٹو سپلائی معطل جبکہ دوطرفہ تجارت اور پیدل آمدورفت بھی بند ہے۔

پاک افغان سرحد باب دوستی کے قریب قرنطینہ قائم کردیا گیا ہے ، اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا ہے کہ قرنطینہ 725 خیمے لگائےگئے ہیں ، جو ایک ہزار تک بڑھائے جائیں گے، ہر خیمے میں بستر ، رضائی ،پانی کا کولر اور گیس کا انتظام کیاگیاہے۔

اسسٹنٹ کمشنر نے بتایا وزارت داخلہ کے احکامات پر پاک افغان سرحد 5 اپریل تک بند رہےگی، سرحد کے اس پار پھنسے پاکستانیوں کو قرنطینہ میں رکھا جائےگا ، قرنطینہ میں ڈاکٹر ،طبی عملہ، دوائیں اور ایمبولنس کی سہولت دستیاب ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ قرنطینہ میں سیکیورٹی پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار تعینات ہیں جبکہ ایران کے زائرین کو قرنطینہ لانے کی خبریں بے بنیاد ہیں۔

یاد رہےوزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں ، مغربی سرحدیں 2 ہفتے ہر قسم کی آمدورفت کے لیے بند کرنے فیصلہ کیا گیا تھا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بتایا تھا کہ اجلاس میں فیصلہ ہوا ہےداخلی پوائنٹس کو مزید موثر بنایا جائے، اگلے15روز کیلئے تمام باردڑز بند کیے جائیں گے، داخلی راستوں پراقدامات کو مزید سخت کیا جائے گا۔