کرونا وائرس کیخلاف جنگ،ہراول دستے کا کردار ادا کرنیوالے پہلے پاکستانی ڈاکٹراسامہ ریاض جام شہادت نوش کر گئے

  • March 22, 2020, 11:52 pm
  • Breaking News
  • 293 Views

گلگت میں کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کرنے والے ڈاکٹر اسامہ ریاض جام شہادت نوش کر گئے۔


نجی ٹی وی کے مطابق محکمہ اطلاعات گلگت بلتستان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نہایت ہی افسوس کے ساتھ اس بات کی تصدیق کی جاتی ہے کہ کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کرنے والے ڈاکٹر اسامہ ریاض جام شہادت نوش کر گئے ہیں، شہید کو قومی ہیرو کا درجہ دیا جائے گا۔کرونا وائرس کی وبا پھوٹنے کے بعد ڈاکٹر اسامہ ریاض جگلوٹ گلگت بلتستان ہی میں سکرینینگ کے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔ڈاکٹر اسامہ نے قائداعظم میڈیکل کالج سے ایم بی بی ایس کی ڈگری مکمل کی تھی جبکہ اگست 2019 میں انہوں نے پی پی ایچ آئی گلگت میں بطور ڈاکٹر کام شروع کیا تھا۔انہوں نے اسی سال فروری 2020 میں ایف سی پی ایس پارٹ ون کا امتحان بھی پاس کیا اور جولائی میں سپیشلائزیشن میں انڈکشن کے منتظر تھے۔

واضح رہے کہ نوجوان ڈاکٹر اسامہ ریاض تافتان سے گلگت بلتستان آنے والے مسافروں کی سکریننگ، تشخیص اور علاج کرتے ہوئے خود کرونا کا شکار ہوکر انتہائی تشویش ناک حالت میں وینٹی لیٹر پرتھے،اس نوجوان ڈاکٹر نےاپنےفرائض ادا کرتے ہوئے یہ نہیں دیکھا کہ اس کے چہرے پر ماسک تھا یا نہیں یا ہاتھوں میں دستانے پہنے ہوئے ہیں یا نہیں؟اس نوجوان ڈاکٹر نے فرائض منصبی کی ادائیگی کے دوران بطور مسیحا اپنے سامنے لیٹے مریض کی ذات، نسل اور عقیدے کو بھی نہیں دیکھا۔