کورونا مریض کے ساتھ سیلفی بنانا سرکاری ملازمین کو مہنگا پڑگیا

  • March 24, 2020, 1:12 pm
  • COVID-19
  • 124 Views

خیرپور میرس : ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے چھ اہلکاروں کو کورونا وائرس کے مریض کے ساتھ سلیفی لینے پر ڈیوٹی سے معطل کر دیا گیا، تمام افراد کو 14روز تک قرنطینہ میں رکھنے کے احکامات دے دیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے سنجیدہ نظر آرہی ہے اور اس سے بچاؤ کیلئے ہر ممکن اقدامات بھی کررہی ہے اس حوالے سے اس کے مخالفین بھی صوبائی حکومت کے اقدامات کے معترف ہیں۔

ایک طرف تو صوبائی حکومت کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے کوشاں ہے تو دوسری جانب صوبائی محکمہ کے ملازمین کورونا کو دعوت دے رہے ہیں.

اس حوالے سے صوبائی ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے چھ اہلکاروں کو معطل کردیا گیا ہے، جنہوں نے ایران سے آنے والے کورونا وائرس کا شکار کوٹ ڈیجی کے رہائشی مریض کے ساتھ سیلفی بنوائی اور اسے سوشل میڈیا پر شیئر بھی کیا۔

ڈپٹی کمشنر خیرپور میرس محمد ندیم سندھو کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ان چھ ملازمین کو تاحکم ثانی ملازمتوں سے معطل کردیا گیا ہے جنہوں نے اس مریض کے ساتھ تصویر بنائی۔
ندیم سندھو کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے مریض کے ساتھ سیلفی لینے کا واقعہ سوشل میڈیا کے ذریعے ان کے علم میں آیا جس کے بعد ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ جن چھ افراد کو معطل کیا گیا وہ تمام خیرپور میرس کے مختلف تعلقہ میں منشی کے عہدے پہ تعینات تھے۔

ڈی سی آفس سے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کو سختی سے ہدایت دی گئی ہے کہ ان تمام افراد کو 14 دن تک قرنطینہ میں رکھیں اور اس حوالے سے دیگر ضروری اقدامات کریں، ساتھ ہی اسسٹنٹ کمشنر کو اس معاملے میں تعاون کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔