حالات میں بہتری کی کچھ امید نظر آنے لگی

  • March 24, 2020, 9:13 pm
  • COVID-19
  • 229 Views

بلوچستان میں منگل کے روز کرونا وائرس کا کوئی نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا، پاکستان میں اس وقت کل کیسز کی تعداد 892 ہے، بلوچستان سے 110 کیسز رپورٹ ہوئے

حالات میں بہتری کی کچھ امید نظر آنے لگی، بلوچستان میں منگل کے روز کرونا وائرس کا کوئی نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا، پاکستان میں اس وقت کل کیسز کی تعداد 892 ہے، بلوچستان سے 110 کیسز رپورٹ ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں کرونا وائرس کے مزید کیسز رپورٹ ہونے کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا۔ تاہم وزیر اعلی بلوچستان کے ایک اعلان نے کچھ بہتری کی امید دکھائی ہے۔
وزیراعلی بلوچستان جام کمال نے بتایا ہے کہ منگل کے روز صوبے میں کرونا وائرس کا کوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا۔ بتایا گیا ہے کہ بلوچستان میں اب تک کل 110 نئے کیسز سامنے آ چکے ہیں۔ دوسری جانب وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہاہے کہ پاکستان میں اس وقت کل کیسز کی تعداد 892 ہے جن میں 89 کیسز گزشتہ 24 گھنٹوں میں شامل ہوئے ہیں.انہوں نے بتایا کہ ’مشتبہ مریضوں کی تعداد 7 ہزار 736 ہیں جبکہ ان میں سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 262 لوگ اس میں شامل ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ علاقائی سطح پر دیکھا جائے تو آزاد جموں و کشمیر میں ایک، بلوچستان میں 110، گلگت-بلتستان میں 80، اسلام آباد میں 15، خیبر پختونخوا میں 38، پنجاب میں 249 اور سندھ میں399 کیسز سامنے آئے ہیں.ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہاکہ مشاہدے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ کیسز میں سے 63 فیصد مرد اور 37 فیصد خواتین کی تعداد ہے جبکہ کل کیسز میں سے 78 فیصد مریض ایران سے آنے والے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک 6 مریض کورونا وائرس سے صحت یاب ہوچکے ہیں جبکہ زیر علاج تمام مریضوں میں سے صرف 5 کی حالت نازک ہے۔ جبکہ پاکستان میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی اموات کی تعداد 7 ہے۔ وفاقی حکومت اور تمام صوبائی حکومتیں کرونا وائرس کی روک تھام کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہے ہیں۔