کروناوائرس: وزیراعظم کا ریلیف پیکج، اعلامیہ جاری

  • March 24, 2020, 10:06 pm
  • COVID-19
  • 166 Views

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کروناوائرس سے متعلق ریلیف پیکج کی منظوری دے دی۔

تفصیلات کے مطابق وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ امدادی پیکیج کا مقصد کروانا وبا سے متاثرہ افراد کو ریلیف دینا ہے۔ مزدوروں اور یومیہ اجرت پر کام کرنے والوں کے لیے 200ارب روپے کی منظوری دی گئی ہے۔ صنعتوں اور برآمدی شعبے کے لیے 100ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

پیکج میں ٹیکس ریفنڈ کے اجرا سمیت قرضوں اور سود کی ادائیگی میں سہولت کا اعلان کیا گیا ہے۔ زراعت اور ایس ایم ای کے لیے 100ارب روپے کی ریلیف مختص ہے۔ جبکہ شدید متاثرہ خاندانوں کے لیے 144ارب روپے کی ریلیف رکھی گئی ہے۔ ایک کروڑ 20لاکھ مستحق خاندانوں کو 4ماہ تک رقم فراہم کی جائے گی۔


اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کے لیے 50ارب جبکہ پناہ گاہوں کے لیے 6ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ گندم کی خریداری کے لیے 280ارب روپے مقرر کیے گئے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 15،15روپے فی لیٹر کمی کی گئی۔ ریلیف کے تحت دو ہزار روپے تک گیس کے بلز 3ماہ کی آسان اقساط میں لیے جائیں گے۔ جبکہ انرجی فنڈز کے لیے 100ارب اور این ڈی ایم اے کے لیے 25 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔