حکومت کا ملک بھر میں31مئی تک تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان

  • March 26, 2020, 7:53 pm
  • COVID-19
  • 202 Views

حکومت نے ملک بھر میں31مئی تک تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کردیا،رمضان شریف اور عیدالفطر کے بعد تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کریں گے، کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے لوگوں کو گھروں میں رہنا ہوگا۔قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں وفاقی وزیر اسد عمر نے بتایا کہ 13مارچ کو قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی بنائی گئی۔
آج قومی سلامتی کمیٹی کی پانچویں میٹنگ تھی۔کورونا سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی کے تحت آگے چل رہے ہیں۔ صحت سے متعلقہ عملہ ہمارے مجاہدیں ہیں۔وائرس دنیا کے 182سے زائد ممالک میں پھیل چکا ہے، کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے لوگوں کو گھروں میں رہنا ہوگا۔ہم نے کورونا سے بچنے کیلئے باقی سارے کام روک دیے ہیں۔
دنیا پر کورونا سے منفی معاشی اثرات مرتب ہوئے۔

شفقت محمود نے بتایا کہ تمام صوبوں کے ساتھ رابطے کیے گئے اور معاہدہ کیا گیا ہے کہ ملک بھر میں 31مئی تک تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔ رمضان شریف میں بھی تعلیمی ادارے بند رکھے جائیں گے۔ کورونا کے خاتمے کیلئے صوبوں کو مل کر کام کرنا ہے۔ اسد عمر نے کہا کہ ملک میں کہیں بھی گندم کی قلت نہیں ہے، نہ ہی آٹے کی قلت نظر آرہی ہے، گندم وافر مقدار میں موجود ہے۔
دوسری جانب پاکستان میں کورونا سے 8 ہلاکتیں، کیسز کی مجموعی تعداد 1100 سے بھی تجاوز کرگئی۔جمعرات کوپاکستان میں اب تک کورونا وائرس کے 25 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد پاکستان میں مجموعی کیسز کی تعداد 1102 تک جا پہنچی ہے ، 8 افراد وائرس سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔ایک روز قبل راولپنڈی میں زیر علاج خاتون انتقال کرگئی تھیں، خاتون بیرون ملک سے وطن واپس آئی تھیں اور 21 مارچ سے زیر علاج تھیں۔
خاتون کے انتقال سے پنجاب میں کورونا سے اب تک ہلاکتوں کی تعداد 2 ہوگئی تھی اس سے قبل خیبرپختونخوا میں 3، بلوچستان، گلگت بلتستان اور سندھ میں ایک ایک ہلاکت ہوئی ہے۔پاکستان میں مہلک وائرس سے اب تک 22 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں جن میں سے 14 کا تعلق سندھ، 6 کا گلگت بلتستان اور 2 کا تعلق اسلام آباد سے ہے۔جمعرات پاکستان میں کورونا کے اب تک 25کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے بلوچستان میں 12، اسلام آباد میں 9 اور سندھ میں 4 کیسز رپورٹ ہوئے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے مزید 9 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں تاہم ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ان کیسز کی کوئی تصدیق سامنے نہیں آئی ہے۔سرکاری پورٹل پر 9 کیسز میں اضافے کے بعد اسلام آباد میں کورونا کے مجموعی کیسز کی تعداد 25 ہوگئی ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق صوبائی محکمہ صحت نے بتایا کہ بلوچستان میں کورونا وائرس کے مزید 12 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد مصدقہ کیسز کی تعداد 131 ہوگئی ہے ، سرکاری پورٹل پر بھی مجموعی کیسز کی یہی تعداد بتائی گئی ہے۔