اسپیکر قومی اسمبلی کا غریب افراد کی مدد کے لیے 50 لاکھ روپے عطیہ دینے کا اعلان

  • March 27, 2020, 8:39 pm
  • National News
  • 110 Views

اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے غریب افراد کے راشن کے لیے 50 لاکھ روپے عطیہ دینے کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے غریب افراد کے راشن کے لیے 50 لاکھ روپے عطیہ دینے کا اعلان کردیا۔

اسد قیصر نے کہا کہ ڈاکٹرز، نرسز، میڈیکل اسٹاف کو سلام پیش کرتا ہوں، صوبائی اور وفاقی حکومت عوام کے ساتھ کھڑی ہے، آئندہ ہفتے ڈاکٹرز کے لیے اسپتال میں سامان پورا ہوجائے گا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ سیاسی جماعتیں ملک کی خاطر مل کر کام کریں، فلاحی تنظیمیں جو کام کررہی ہیں ان کا مشکور ہوں۔

انہوں نے کہا کہ صوابی کے اسپتالوں میں پیرا میڈیکس اسٹاف میں حفاظتی سامان تقسیم کیا گیا ہے، اسد قیصر نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کو عبرت کا نشان بنایا جائے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے وزیراعلیٰ ریلیف فنڈ میں 2 کروڑ 56 لاکھ روپے جمع کرائے تھے اور اسپیکر، ارکان، سیکریٹریٹ کے گریڈ 18 سے 22 کے ملازمین نے ایک ماہ کی تنخواہ ریلیف فنڈ میں جمع کرائی۔

یاد رہے کہ پاک فضائیہ کے ایئرچیف اپنی ایک ماہ کی تنخواہ کورونا فنڈ میں عطیہ کریں گے جب کہ پاک فضائیہ کے تمام افراد اس فنڈ میں اپنا حصہ ڈالیں گے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ملکی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ایئر اسٹاف کی سطح پر فیصلہ کیا گیا ہے، ایئر کموڈور، ایئر وائس مارشل اور ائیرمارشل افسران 3 دن کی تنخواہ عطیہ کریں گے جب کہ پائلٹ آفیسر رینک سےگروپ کیپٹن تک 2 دن کی تنخواہ فنڈ میں دیں گے۔