کروناوائرس: بلوچستان حکومت کا کنٹینرز پر مشتمل اسپتال بنانے کا فیصلہ

  • March 28, 2020, 11:06 pm
  • COVID-19
  • 209 Views

کوئٹہ: حکومت بلوچستان نے کنٹینرز پر مشتمل اسپتال اور ریلیف سینٹر بنانے کا فیصلہ کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق اسپتال اور ریلیف سینٹر بنانے کا فیصلہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کی ہدایت اور گائیڈ لائن کے مطابق کیا گیا۔ کنٹینر آپریشن تھیٹر، آئیسولیشن رومز اور طبی عملے کی رہائش پر مشتمل ہوگا۔

کنٹینرریلیف ایمرجنسی مرکز میں رہائشی سہولت اور غسل خانےموجود ہوں گے۔ ایمرجنسی مرکز قدرتی آفات میں فوری متاثرہ علاقوں میں منتقل کیا جاسکے گا۔ ابتدائی طور پر پی ڈی ایم اے کے 15سوکنٹینرز کو منصوبے کے لیے لایا جائے گا۔

کنٹینر اسپتال کے لیے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس بھرتی کیے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ جام کمال نے پی ڈی ایم اے کو منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کی ہدایت کردی اور ہرممکن اقدامات پر زور دیا ہے۔

دوسری جانب ڈی جی آئی ایس پی آر بابر افتخار نے کہا ہے کہ وفاق وصوبائی انتظامیہ کرونا وائرس سے عوام کے تحفظ میں مصروف ہے اور پاک فوج کے جوان سول انتظامیہ کی معاونت کررہے ہیں۔ فوج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک کے مختلف داخلی و خارجی راستوں اور چاروں بین الاقوامی سرحدوں پر نقل وحرکت کی نگرانی کی جارہی ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پنجاب کے34اضلاع میں مشترکہ چیک پوسٹیں اورپٹرولنگ کی جارہی ہے جبکہ سندھ کے 29 اضلاع میں بھی تمام داخلی اورخارجی مراکز کی نگرانی جاری ہے۔