وزیر اعلیٰ سندھ نے لاک ڈاؤن میں ایک ہفتے کی توسیع کردی

  • March 30, 2020, 11:01 pm
  • COVID-19
  • 153 Views

وزیر اعلیٰ سندھ نے لاک ڈاؤن میں ایک ہفتے کی توسیع کردی

کراچی: وزیرا اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سندھ میں مزید ایک ہفتہ لاک ڈاؤن جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ سندھ میں جزوی یا مکمل کرفیو لگانے پر غور نہیں کیا جارہا ہے۔ صوبے میں گڈز ٹرانسپورٹ، کریانہ، میڈیکل اسٹور بند نہیں کیے۔

ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کو گھروں میں کھانا اور رقم فراہم کی جائے گی۔ مستحق لوگوں کو راشن کی فراہمی شروع ہوچکی ہے اور رقوم کی فراہمی کا سلسلہ جلد شروع ہوجائے گا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ علمائے کرام سے مشاورت کی گئی ہے وہ اس بات پر متفق ہیں کہ عوام کو گھروں میں نماز ادا کرنی چاہیے۔

دوسری جانب محکمہ سندھ کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مجموعی طور پر سندھ میں مزید 33 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے جن میں سے 27 کیس کراچی میں رپورٹ ہوئے ہیں۔ تمام افراد رابطوں کے زریعے کورونا وائرس سے متاثر ہوئے۔ جس کے بعد صوبے بھر میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 535 ہوگئی ہے اور صرف کراچی کے متاثرہ افراد 249ہوگئے ہیں۔ سکھر میں کورونا وائرس کے 265،دادو سے ایک، حیدرآباد سے 12، جیکب آباد سے ایک، لاڑکانہ سے 7 کیس رپورٹ ہوچکے ہیں۔

محکمہ صحت کے مطابق سکھر میں 242، کراچی میں 217 مریض زیر علاج ہیں جن میں سے 41 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔ صحت یاب ہونے والوں میں ایک حیدرآباد، 17 کراچی اور 23 کا تعلق سکھر سے ہے۔

وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے پیر کی شب کراچی میں کورونا وائرس سے ایک اور ہلاکت کی تصدیق کی۔ 63 سالہ خاتون کا تعلق کراچی سے ہے، جسے دمے کی بیماری اور سانس لینے میں تکلیف جیسے مسائل کا سامنا تھا۔ متاثرہ خاتون 10 دن پہلے سعودی عرب سے آئی تھیں۔ ہلاکت کی تصدیق کے بعد کورونا سے وائرس سے کراچی میں 3 جب کہ مجموعی طور پرصوبے میں 6 اموات ہوچکی ہیں۔