ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 2458 ہوگئی، 35 جاں بحق

  • April 3, 2020, 11:28 pm
  • COVID-19
  • 147 Views

ملک بھر میں کورونا وائرس کے شکار افراد کی تعداد 2458 ہوگئی ہے جبکہ اس خطرناک بیماری سے 35 افراد جاں بحق اور 126 صحت یاب ہوچکے ہیں۔

وفاقی وزارت صحت کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 76 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد اس وبا کے مریضوں کی تعداد 2 ہزار 458 ہوگئی ہے۔

اس وائرس سے 35 مریض زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔ کورونا میں مبتلا افراد میں سے 10 کی حالت تشویش ناک ہے اور 126 نے اس سے صحت یابی حاصل کرلی ہے۔
کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں کورونا کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 928 ہوگئی ہے، سندھ میں 783، خیبر پختونخوا میں 311، بلوچستان میں 169 ، اسلام آباد میں 68، گلگت بلتستان میں 190 جب کہ آزاد کشمیر میں 9 افراد کورونا کا شکار ہیں۔