کرونا وائرس کے خلاف جنگ طویل ہے ہم نے مل کر لڑنا ہے، وزیراعظم

  • April 5, 2020, 12:41 am
  • COVID-19
  • 131 Views

لاہور: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے خلاف جنگ طویل ہے ہم نے مل کر لڑنا ہے، عوام صرف انہیں یاد رکھیں گے جو مشکل وقت میں ساتھ دے گا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں وزیراعظم عمران خان نے کرونا ریلیف ٹائیگر فورس کے رضاکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے دن بہت مشکل آ رہے ہیں ایسے میں لوگوں کا پتہ چلتا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں کئی لوگ اوپر آجاتے ہیں اور کئی نیچے چلے جاتے ہیں، مشکل وقت میں عوام کے ساتھ کھڑے ہوئے تو وہ بھی آپ کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں نہیں معلوم کہ کرونا وائرس پاکستان میں کتنا پھیلتا ہے۔

عمران خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ فیصلہ کرلیں گے حلقے میں لوگوں کی مدد کریں گے وہ کامیاب ہوں گے، یہ ایک ایسا وقت ہے آپ نے لوگوں کی مدد کرنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ کچھ بھی کرلیں مخالفین یہ ہی کہیں گے کچھ نہیں کیا،مخالفین کبھی سوشل ورک نہیں کریں گے کیونکہ کبھی کیا ہی نہیں، مخالفین نے کبھی سیاست سوشل ورک کے لیے کی ہی نہیں ہے۔

وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ یہ مشکل وقت ہے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہوں اور ان کی مدد کریں،ہمارے سیاسی مخالفین تنقید کے علاوہ کچھ نہیں کرسکتے،جومال بناتا ہے وہ سماجی وبہبود کا کام نہیں کرسکتا، جب زلزلہ آیا تھا تو ہماری پارٹی چھوٹی تھی لیکن بڑھ چڑھ کر کام کیا۔

عمران خان نے کہا کہ کرونا وائرس کے خلاف جنگ طویل ہے ہم نے مل کر لڑنا ہے، عوام صرف انہیں یاد رکھیں گے جو مشکل وقت میں ساتھ دے گا۔