چینی کمپنی کا بلوچستان کیلئے 4 کروڑ روپے کے طبی سامان کا عطیہ

  • April 6, 2020, 3:34 pm
  • National News
  • 119 Views

اسلام آباد: چینی کمپنی نے بلوچستان کے طبی عملے کے لیے 4 کروڑ روپے کا طبی سامان عطیہ کیا ہے۔

چینی خبررساں ادارے کے مطابق میٹالرجیکل کارپوریشن آف چائنا(ایم سی سی) کی جانب سے کورونا وائرس کا علاج معالجہ کرنے والے طبی عملے کے لیے طبی سامان پاکستان پہنچ چکا ہے۔

تفصیلات کے مطابق 2 لاکھ ڈسپوزببل ماسک، کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ میں استعمال ہونے والے محلول کی 4 ہزار بوتلیں، 2 ہزار حفاظتی لباس،دستانوں کے 2 ہزار جوڑے، 2 ہزار حفاظتی چشمے اور 100 فاصلاتی تھرما میٹر پر مبنی کھیپ اسلام آباد پہنچ چکی ہے اور اسے تقسیم کرنے کے لیے جلد بلوچستان پہنچا دیا جائے گا۔
اس سے قبل بھی چینی کمپنی ایم سی سی نے بلوچستان کے علاقے سینڈک کے چھ دیہات میں 300 سے زائد غریب خاندانوں میں راشن تقسیم کیا تھا۔