کیا آپ کورونا وائرس جیسا ہار پہننا پسندکریں گے؟

  • April 6, 2020, 3:53 pm
  • Entertainment News
  • 140 Views

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے دنیا کے بیشتر ممالک میں لاک ڈاؤن یا جزوی کرفیو نافذ ہے جس کی وجہ سے بیشتر تمام تر سرگرمیاں معطل ہیں۔

اس صورتحال میں جہاں بہت سی کمپنیاں کورونا وائرس کو ختم کرنے کے لیے نت نئے سینی ٹائزر اور دیگر مصنوعات متعارف کروا رہی ہیں وہیں ہمیں ایسی عجیب و غریب چیزیں بھی دیکھنے کو مل رہی ہیں جو سب کی توجہ کا مرکز بھی بن رہی ہیں۔

گزشتہ دنوں ویت نام کے ایک شیف نے صارفین کو 'کورونا برگر' کی پیشکش کی تھی جب کہ فلسطین کے ایک شیف نے سماجی دوری اختیار کرنے کے حوالے سے لوگوں میں آگاہی پھیلانے کے لیے 'کورونا کیک' متعارف کروایا جو کہ خوب مقبول ہوا۔

اب روس کی ایک کمپنی جو کہ سائنس اور ادویات کی تھیم کے زیورات بنانے میں مہارت رکھتی ہے، نے ایک ایسا ہار بنایا ہے جو کہ کورونا وائرس کی مائیکرو اسکوپک تصویر کی طرح دکھتا ہے۔

یولری کمپنی کے سربراہ ڈاکٹر ووربو کا کہنا ہے کہ جیسے ہی کورونا وائرس کی مائیکرو اسکوپک تصویر سامنے آئی تو میں نے سوچا کہ یہ ہماری کلیکشن کے لیے اچھا ثابت ہوگی۔

کمپنی نے کورونا وائرس کی مائیکرو اسکوپک تصویر کی طرح ہار کا تھری ڈی ڈیزائن والا لاکٹ تیار کیا جو کہ آن لائن 20 ڈالرز میں فروخت کیا جا رہا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے صورتحال جتنی بھی افسردہ ہو لیکن اس کے باوجود بھی لوگ اسے خرید رہے ہیں۔