بارہ کہو میں قرنطینہ کیے گئے تبلیغی جماعت کے تمام لوگ صحت یاب ہوگئے ہیں: ڈی سی اسلام آباد

  • April 7, 2020, 1:39 pm
  • National News
  • 102 Views

بارہ کہو میں قرنطینہ کیے گئے تبلیغی جماعت کے تمام لوگ صحت یاب ہوگئے ہیں۔ ڈی سی اسلام آباد حمزہ شفاقت نے کہا ہے کہ بارہ کہو میں قرنطینہ کیے گئے تبلیغی جماعت کے تمام لوگ صحت یاب ہوگئے ہیں اور تبلیغی جماعت کے تمام لوگوں کے ٹیسٹ نیگیٹیو آچکے ہیں جس کے بعد اب کل تک وہ حفاظتی انتظامات کے ساتھ گھر جا سکیں گے۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے کہا ہے کہ کل تک بارہ کہو کھول دیا جائے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس وقت اسلام آباد میں 82کورونا کیسز موجود ہیں جن میں سے صرف 12مریضوں کو ہسپتال میں رکھا گیا ہے باقی سب مریضوں کی حالت ٹھیک ہے اور وہ اپنے گھروں میں قرنطینہ ہیں۔ دوسری جانب نوشہروفیروز میں تبلیغی جماعت سے تعلق رکھنے والے 22 غیر ملکی افراد کا کرونا ٹیسٹ کروایا گیا، جن میں 3 افراد کا کرونا ٹیسٹ پازیٹو آیا ہے جبکہ 17 کے کیس کی رپورٹ منفی آئی ہے۔
2 کی رپورٹ آنے کا انتظار ہے۔ کرونا پازیٹووالے 3 افراد کو بحریہ کالج کے ہاسٹل میں قائم قرنطینہ مرکز میں رکھا گیا ہے جبکہ باقی 19 مختلف مقامات میں الگ تھلگ رکھے گئے ہیں ۔اس کے علاوہ بھکر میں قائم کئے گئے قرنطینہ سینٹر میں قیام پزیر تبلیغی جماعت کے 49 افراد کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کروائے گئے ہیں جن میں سے چینی شہریت رکھنے والے شخص محمد یوسف کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ پازیٹیو آیا ہے جبکہ دیگر 48 افراد کی ٹیسٹ رپورٹس نیگیٹو آئی ہیں۔ڈپٹی کمشنر بھکرآصف علی فرخ نے مزید بتایا ہے کہ کورونا وائرس سے متاثرہ شخص کو ڈی ایچ کیو ہسپتال میں منتقل کردیا گیا ہے ہسپتال کے ماہرین ڈاکٹرز کی جانب سے کی جانیوالی ابتدائی سکریننگ کیمطابق مریض کی حالت مستحکم ہے۔