آٹاچینی بحران: 25اپریل کو کمیشن رپورٹ سامنےآنے پر مزید ایکشن ہوگا، وزیراعظم

  • April 8, 2020, 12:03 am
  • National News
  • 126 Views

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ 25 اپریل کو کمیشن کی رپورٹ سامنےآنے پر مزید ایکشن ہو گا، کمیشن کی رپورٹ کے بعد جو بھی ملوث ہوا قانون کے تحت کارروائی ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں نونکاتی ایجنڈے پرغور کیا گیا اور موجودہ سیاسی صورت حال اور ملکی معاملات پر گفتگو کی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ میں چینی اور آٹا بحران کی انکوائری رپورٹ پر بھی گفتگو ہوئی اور وزیراعظم نے حالیہ اقدامات پر کابینہ اراکین کو اعتماد میں لیا۔

وزیر اعظم عمران خان نےکہا کہ میری ہدایت پر انکوائری کمیٹی کی رپورٹس جاری کی گئیں، عوام سے رپورٹس پبلک کرنے کا وعدہ پورا کردیا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ 25 اپریل کو کمیشن کی رپورٹ سامنےآنے پر مزید ایکشن ہو گا، کمیشن کی رپورٹ کے بعد جو بھی ملوث ہوا قانون کے تحت کارروائی ہوگی۔

ذرائع کے مطابق کابینہ میں ردوبدل پروزیراعظم کےاقدامات کوسراہاگیا،،وزیراعظم نے کہا کہ گڈگورننس،شفافیت یقینی بناناتحریک انصاف کےمنشورکاحصہ ہے۔

یاد رہے گذشتہ روز چینی بحران کے ذمہ داران کے خلاف ایکشن لیے جانے کے بعد جہانگیر ترین کو چیئرمین زرعی ٹاسک فورس کے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ تحقیقات کے نتائج سامنے آنے کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی۔

بعد ازاں جہانگیر ترین نے تحقیقاتی رپورٹ کو سیاسی اور ذات پر حملہ قرار دیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ رپورٹ کے پیچھے وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری اعظم خان ہیں، مجھے ٹارگٹ بنانے کے لیے نامکمل رپورٹ جاری کی گئی۔