کورونا میں مبتلا برطانوی وزیراعظم بورس جانسن آئی سی یو منتقل

  • April 8, 2020, 12:14 am
  • COVID-19
  • 137 Views

لندن: کورونا کی جان لیوا بیماری میں مبتلا برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کو لندن کے سینٹ تھامس اسپتال میں انتہائی نگہداشت یونٹ میں منتقل کر دیا گیا۔

برطانوی وزیراعظم کے دفتر 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ کے مطابق بورس جانسن کو طبیعت بگڑنے کے باعث آئی سی یو میں منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔

بورس جانسن میں گزشتہ ماہ کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔ ان میں کورونا کی علامات سنگین ہوگئیں اور انہوں نے پوری رات انتہائی نگہداشت یونٹ میں گزاری ہے۔ انھیں تیز بخار ہے اور آکسیجن دی جا رہی ہے تاہم تاحال وینٹی لیٹر نہیں لگایا گیا ہے۔

برطانوی وزیر خارجہ ڈومنِک راب نے کہا ہے کہ وزیراعظم بورس جانسن اب بھی ملک کے سربراہ ہیں۔

واضح رہے کہ 55 سالہ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن میں 27 مارچ کے روز کورونا وائرس کا انکشاف ہوا تھا جس کے بعد وہ ازخود قرنطینہ میں چلے گئے تھے جبکہ امورِ حکومت کےلیے وہ ویڈیو اور کانفرنس کال کے ذریعے دیگر سرکاری عہدیداروں سے رابطے میں تھے۔