لاک ڈاؤن: شہر قائد میں دو دل دہلا دینے والے واقعات سامنے آ گئے

  • April 9, 2020, 12:04 am
  • National News
  • 392 Views

کراچی: شہر قائد میں لاک ڈاؤن کے دوسرے ہفتے 2 دل دہلا دینے والے واقعات سامنے آ گئے ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں کرونا وائرس کے سبب نافذ کیے جانے والے لاک ڈاؤن میں غریب شہری شدید متاثر ہو چکے ہیں، اس دوران دو ایسے واقعات سامنے آئے ہیں جنھیں دیکھ کر نرم دل شہریوں کی آنکھیں نم ہو گئیں۔

شہر میں لاک ڈاؤن کے باعث بے روزگاری سے تنگ ایک نوجوان معذور بن کر بھیک مانگنے لگا۔ نوجوان معذور بن کر مخیر حضرات سے راشن بھی طلب کرتا رہا، تاہم راشن تقسیم کرنے والے رضا کاروں کی ایک ٹیم نے نوجوان کا بھانڈا پھوڑ دیا۔ پکڑے جانے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوالے کرنے کے ڈر سے معذور نوجوان اٹھ کر بھاگ کھڑا ہوا، رضاکاروں نے نوجوان کو تھپڑ بھی مارے۔






دوسرا واقعہ کراچی کے علاقے لیاری میں پیش آیا، کراچی کے اس قدیم علاقے لیاری میں بھیم پورا پی ایس 109 میں بھوک کا مارا ایک شخص کچرے کے ڈھیر سے کھانا کھانے پر مجبور ہو گیا۔ شہری کی جانب سے اس منظر کی ویڈیو بھی بنا لی گئی جس میں بھوکا شخص کچرے کے ڈھیر سے کھانا چن کر کھاتے دیکھا گیا۔



خیال رہے کہ لاک ڈاؤن سے متاثرہ شہری تاحال سرکاری امداد کے منتظر ہیں، سرکاری راشن نہ ملنے پر یو سی چئیرمینز نے ازخود راشن باٹنا شروع کر دیا ہے، اس سلسلے میں یو سی چیئرمین رات گئے ضلع وسطی کے مختلف علاقوں میں راشن لے کر پہنچ گئے، انھوں نے گلبرگ، فیڈرل بی ایریا، غیریب آباد کے علاقوں میں راشن تقسیم کیا۔

یو سیز اور شناختی کارڈ کی تفصیلات کے مطابق بنائی گئی فہرست پر مستحقین میں راشن کے بیگز تقسیم کیے گئے، یو سی چئیرمین حسن نقوی کا کہنا تھا کہ راشن بیگز میں دو ہفتوں کی ضروریات زندگی کی اشیا موجود ہیں۔