انسداد کرونا اقدامات: سب سے زیادہ پختونخوا میں عوام مطمئن

  • April 9, 2020, 3:57 pm
  • COVID-19
  • 176 Views

پشاور: انسداد کرونا اقدامات کے سلسلے میں پاکستان بھر میں صوبہ خیبر پختون خوا کے عوام نے سب سے زیادہ اطمینان کا اظہار کر دیا ہے۔

گیلپ نے انسداد کرونا پر ایک سروے رپورٹ جاری کی ہے، جس میں اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ پاکستان میں کے پی وہ صوبہ ہے جہاں سب سے زیادہ لوگوں نے صوبائی اقدامات سے اتفاق ظاہر کیا۔

سروے نتائج سے معلوم ہوتا ہے کہ پختون خوا حکومت کی انسداد کرونا اقدامات کی عوام میں زبردست پذیرائی ہو رہی ہے، اور صوبائی حکومت کے پی کے کرونا سے متعلق حفاظتی اقدامات اور انتظامات کرنے میں سب سے آگے ہے۔

سروے کے مطابق خیبر پختون خوا کے 90 فی صد عوام نے کہا ہے کہ کرونا کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے ان کی صوبائی حکومت کے اقدامات سے وہ متفق ہیں۔ دوسرے نمبر پر سندھ کے 79 فی صد عوام نے صوبائی اقدامات سے اتفاق کا اظہار کیا ہے، پنجاب میں 78 فی صد عوام اپنی حکومت سے مطمئن ہیں، جب کہ بلوچستان میں 45 فی صد عوام نے اطمینان ظاہر کیا۔

خیبر پختون خوا میں حکومتی اقدامات سے صرف 7 فی صد لوگوں نے عدم اتفاق کیا ہے، جب کہ 3 فی صد لوگوں نے اتفاق کیا نہ ہی عدم اتفاق، سروے میں 30 سال سے کم عمر اور 50 سال سے زائد عمر کے افراد کو شامل کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ محمود خان نے کہا کہ حکومتی اقدامات پر عوام کے بھرپور اعتماد نے ہمیں مزید حوصلہ دیا ہے، ہم عوام کے تعاون سے اس مشکل صورت حال سے مؤثر انداز میں نمٹ لیں گے، عوام کا تہہ دل سے مشکور ہوں۔