احساس کفالت پروگرام، امداد کی تقسیم میں فراڈ کا انکشاف

  • April 10, 2020, 12:18 pm
  • National News
  • 196 Views

صوبہ پنجاب کے شہر بہاولپور میں احساس کفالت پروگرام سینٹر میں امدادی رقم کی تقسیم کے دوران فراڈ کا انکشاف ہوا ہے ۔

ترجمان پولیس کے مطابق احساس کفالت پروگرام سینٹرمیں امدادی رقم کی تقسیم کے دوران مستحق افراد سے دستخط، انگوٹھے لگانے کے باوجود رقم نہ دینے پر 4 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔

ترجمان پولیس کے مطابق تین نجی بینک کے ملازمین پر مستحقین کو رقم نہ دینے پرمقدمہ درج کیا گیا ہے جبکہ ملزمان کے قبضہ سے 29 خواتین کے اوریجنل قومی شناختی کارڈ بھی برآمد ہوئے ہیں ۔

بہاولپور پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ چنی گوٹھ سینٹر میں خاتون کو 12 ہزار کے بجائے ساڑھے گیارہ ہزار روپے دینے پر ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔

دوسری جانب سندھ میں بدین کے احساس کفالت پروگرام میں بھی غیر قانونی کٹوتیاں کرنے والے ایجنٹس کے خلاف پولیس کا کریک ڈاؤن کیا گیا ہے۔

ایس ایس پی حسن سردار نیازی کے مطابق مختلف مقامات پہ چھاپوں کے نتیجے میں 10ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ رقوم کی فراہمی کےعوض پانچ سو سے ایک ہزار روپے کٹوتی پر بھی کارروائی کی گئی ہے ۔