بیرون ملک سے پاکستان واپس آنے والی، 4 جڑواں بچوں کی والدہ کرونا وائرس کے ہاتھوں زندگی کی بازی ہار گئیں

  • April 11, 2020, 12:20 pm
  • COVID-19
  • 352 Views

حال ہی میں بیرون ملک سے پاکستان واپس آنے والی، 4 جڑواں بچوں کی والدہ کرونا وائرس کے ہاتھوں زندگی کی بازی ہار گئیں، وطن واپس آنے کے بعد 5 دن بعد ہی شبنم صادق کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا، گزشتہ 24 روز سے ہسپتال میں وینٹی لیٹر پر تھیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں کرونا وائرس نے بیرون ملک سے وطن واپس آنے والی 5 بچوں کی ماں کی جان بھی لے لی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ شبنم صادق خاتون کے ہاں کچھ عرصہ قبل ہی 4 جڑواں بچوں کی پیدائش ہوئی تھی۔ جبکہ ان کی ایک بیٹی بھی تھی۔ شبنم کچھ روز قبل جب پاکستان واپس آئیں، تو 5 روز بعد ہی ان کی جانب سے کروایا گیا کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آگیا۔ ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد شبنم کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں طبیعت بگڑنے پر انہیں آئی سی یو منتقل کیا گیا تھا۔
شبنم 24 روز سے آئی سی یو میں وینٹی لیٹر پر تھیں، تاہم اب وہ زندگی کی بازی ہار گئی ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران بیرون ممالک سے واپس آنے والے کئی پاکستانیوں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی، جس کے بعد انہیں قرنطینہ منتقل کیا گیا۔ پاکستان میں کرونا وائرس کے باعث پہلا جانی نقصان کا کیس بھی ایسے شخص کا تھا جو سعودی عرب سے عمرہ کر کے واپس آیا تھا۔
جبکہ پاکستان میں رپورٹ ہونے والے کرونا وائرس کے بیشتر کیسز ایران سے واپس آنے والے زائرین کے ہیں، جن کی اکثریت اس وقت بھی قرنطینہ میں ہے۔ دوسری جانب پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹے میں تمام صوبوں اور مختلف علاقوں میں 203 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ جس سے مجموعی کیسز کی تعداد 4700 ہوگئی ہے۔ اسی طرح جان لیوا بیماری سے3 مریض انتقال کرگئے جس سے اموات کی تعداد 68 ہو گئی ہے جبکہ 727 افراد مکمل صحتیاب ہوگئے۔ پاکستان میں سب سے زیادہ کرونا کسیز پنجاب میں رپورٹ ہوئے۔ پنجاب کی جانب سے جاری اعدادوشمار میں رپورٹ کیسز کی تعداد 2280 ہے، اسی طرح سندھ کے اعدادوشمار میں مریضوں کی تعداد 1214، خیبرپختونخوا 620، بلوچستان 220، گلگت بلتستان 215، اسلام آباد 118، اور آزاد کشمیر میں33 مریض ہوگئے ہیں۔