ٹڈی دل سے فصلوں کومحفوظ رکھنے کیلئے اقدامات تیز کیئے جائیں،زمرک اچکزئی

  • April 15, 2020, 12:15 am
  • National News
  • 118 Views

ٹڈی دل سے فصلوں کومحفوظ رکھنے کیلئے اقدامات تیز کیئے جائیں،زمرک اچکزئی
زراعت صوبے کا انتہائی اہم شعبہ ،جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے مربوط اقدامات اٹھائے گئے ہیں
کوئٹہ(خ ن )صوبائی وزیر زراعت انجینئر زمرک خان اچکزئی نے ہدایت کی ہے کہ صوبے کے مختلف علاقوں میں ٹڈی دل کے حملوں سے فصلات کو محفوظ رکھنے کے لئے اقدامات کو مزید تیز کیاجائے، زراعت صوبے کا انتہائی اہم شعبہ ہے جس کی بہتری اور اسے جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے مربوط اقدامات اٹھائے گئے ہیں جن سے زراعت کے شعبہ میں غیر معمولی ترقی آ ئے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبے میں ٹڈی دل کے حملوں کی روک تھام کے حوالے اٹھائے گئے اقدامات سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ سیکریٹری زراعت قمبر دشتی نے ٹڈی دل کے حملوں کے پیشِ نظر اٹھائیں گے اقدامات، مختلف علاقوں میں اسپر ے کی صورتحال سمیت دیگر متعلقہ امور پر تفصیلی بریفنگ دی صوبائی وزیر نے اس موقع پر ہدایت کی کہ ٹڈی دل سے متاثرہ علاقوں میں بروقت اسپرے اور دیگر اقدامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ فصلات کو درپیش نقصان کو کم سے کم کیا جاسکے، انہوں نے ہدایت کی کہ ٹڈی دل کے حملوں کو روکنے کے لئے صوبائی سطح پر ہرممکن اقدام کو یقینی بنایا جائے، صوبائی وزیر نے کہا کہ زراعت کی ترقی سے ہی صوبے کی معیشت کو مستحکم کیا جاسکتا ہے اور حکومت زراعت کے شعبہ میں انقلابی تبدیلی لانے کے لئے اس شعبہ میں جدت لانے کے ساتھ ساتھ ریسرچ سینٹرز کی فعالیت پر کام کررہے جس کے مثبت اثرات جلد نمودار ہونگے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ڈپٹی ڈائریکٹرز ٹڈی دل سے متاثرہ علاقوں کا جائزہ لیں اور اس سلسلے میں اگلے اجلاس میں جامع رپورٹ پیش کریں جبکہ مستقبل میں ایران سے آنے والی ٹڈی دل کے ممکنہ حملوں کے حوالے سے لائحہ عمل بھی تیار کی جائے۔