مفتی منیب کو اتنا بڑا چاند نظر نہیں آتا تو انتا چھوٹا کورونا وائرس کہاں سے نظر آنا ہے

  • April 15, 2020, 10:27 pm
  • National News
  • 175 Views

چئیرمین رویتِ ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے گذشتہ روز اعلان کیا کہ مساجد پر کل (بدھ سے) سے لاک ڈاون کا اطلاق نہیں ہو گا۔اسی پر وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کی جانب سے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ مولانا منیب الرحمنٰ ہمارے بزرگ ہیں احترام ہے لیکن ان کو اتنا بڑا چاند نظر نہیں آتا اتنا چھوٹا کرونا وائرس کہاں سے نظر آنا ہے، فواد چوہدری نے مزید کہا کہ وزارت مذہبی امور کی توجہ دلائی ہے کہ آپ کی وزارتی کمیٹی کے سربراہ اگر حکومتی احکامات کا یوں مذاق اڑائیں گے تو باقیوں سے کیا توقع؟۔

انہوں نے کہا کہ جہاں تک رمضان کا تعلق ہے 24 اپریل کو رمضان کا چاند نظر آجائیگا اور انشاآللہ 25 اپریل کو پہلا روزہ ہو گا۔
پہلے ارادہ تھا اس بار لوگوں کو اکٹھا کریں گے، چاند دیکھنے کیلئے لیکن اب کورونا نے ہر اجتماع کینسل کرا دیا۔ انشاللہ اگلے سال موقع ملا تو چاند رات کی تقریبات کریں گے۔

واضح رہے کہ مفتی منیب الرحمان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ آج سے مساجد میں لاک ڈاؤن نہیں ہوگا، حکومت کو بھی آگاہ کرتے ہیں کہ اب مساجد کے کھلارہنے میں کوئی رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کہہ چکے ہیں کہ ضروری دفاتر کا کھلنا ضروری ہے اور ہمارا ماننا ہے کہ مساجد اور مدارس سے اہم جگہ نہ کوئی ہے اور نہ ہونی چاہیے اس لیے اب سے مساجد پر لاک ڈاؤن کا اطلاق نہیں ہوگا، انہوں نے کہا کہ تمام مساجد میں نماز، اعتکاف اور تراویح سمیت تمام عبادات کا سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ دینی مدارس کے بلز سال یا کم از کم تین ماہ کیلئے معاف کردیے جائیں۔