25 اپریل کے بعد کیسز نیچے آنا شروع ہوجائیں گے، ڈاکٹر امجد محمود

  • April 16, 2020, 11:41 pm
  • COVID-19
  • 200 Views

ڈائریکٹر جنرل نیشنل ہیلتھ ایمرجنسی ڈاکٹر امجد محمود نے کہا ہے کہ 25 اپریل کے بعد کیسز نیچے آنا شروع ہوجائیں گے، کیسزکم ہونے کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ ہم احتیاط چھوڑ دیں،کراچی میں جن مریضوں کی اموات ہوئیں وہ سارے کورونا کے مریض نہیں، لاک ڈاؤن کی وجہ سے بہت سے مریض ہسپتال نہیں پہنچ پاتے ۔انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے بہت سے مریض ہسپتال نہیں پہنچ پاتے ،کراچی میں جن مریضوں کی اموات ہوئیں وہ سارے کورونا کے مریض نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر چین کو دیکھیں تو ووہان میں دسمبر سے وباء شروع ہوئی اور 12ہفتے بعد کیسز نیچے آنا شروع ہوگئے۔ میرا بطور ماہر صحت خیال ہے کہ پاکستان میں بھی 25 اپریل اور مئی کے آغاز میں کیسز میں کمی آنا شروع ہوجائے گی۔
اس کا ہرگز مطلب یہ نہیں کہ ہم سماجی فاصلہ برقرار نہ رکھیں، چھینک یا کھانسی کے لیے ہاتھ استعمال کریں۔ اگر باہر جانے کی ضرورت ہے تو ایک آدمی باہر جائے اور شاپنگ کرکے آجائے۔

اسی طرح اگر انگلینڈ، اسپین، اٹلی کو دیکھیں، تووہاں بھی اب کم مریض ہوگئے ہیں۔ میری ذاتی پیشگوئی ہے کہ ہمارا امریکا، یورپ کی نسبت بہت اچھا رہے گا۔ وزیر اعظم نے بھی کہا کہ ہمارا تخمینہ تھا اس سے بہت کم کیسز آئے ہیں۔ دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کورونا سے متعلق نئے اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس کے مزید 414 کیسزسامنے آگئے ہیں۔
جس سے ملک میں کورونا کیسز کی تعداد 6 ہزار919 ہوگئی ہے۔ پنجاب میں کورونا کیسز کی تعداد سب سے زیادہ 3 ہزار291 ہے۔ سندھ میں کورونا وائرس کے 2 ہزار 8 کیسز رپورٹ ہوئے۔ خیبرپختونخوا میں کیسزکی تعداد912 اوراسلام آباد میں 145ہوگئی ہے۔ بلوچستان میں280، گلگت بلتستان میں237 اور آزاد کشمیرمیں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد46 ہے۔ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر نے بتایا کہ کورونا وائرس سے متاثرہ مزید 4 مریض جاں بحق ہوئے۔
وفاقی دارالحکومت میں بھی کورونا وائرس کا ایک مریض دم توڑ گیا۔ جس سے کورونا سے کل اموات کی تعداد 128 ہوگئی ہے۔ سندھ میں45، پنجاب 34، خیبرپختونخواہ میں42 مریض جاں بحق ہوئے۔ گلگت بلتستان اور بلوچستان میں کورونا کے3-3مریض جان کی بازی ہار گئے۔ اسی طرح کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد ایک ہزار645 ہے۔ مزید برآں نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق ملک میں کورونا کے مصدقہ کیسز میں سے 42 فیصد کیسز کی ٹریول ہسٹری ہے یعنی یہ 42 فیصد افراد بیرون ممالک سے پاکستان آتے وقت کورونا میں مبتلا تھے۔ 58 فیصد کیسز ایسے ہیں جو مقامی طور پر ایک شخص سے دوسرے شخص میں وائرس منتقل ہوا۔