امریکا نے پاکستان کو مزید80 لاکھ ڈالرسے زائد امداد دینےکا اعلان کردیا

  • April 17, 2020, 9:51 pm
  • Business News
  • 142 Views

امریکا نے پاکستان کو مزید 80 لاکھ ڈالرسے زائد امداد دینے کا اعلان کردیا۔ پاکستان میں تعینات امریکی سفیر پال جونز نے کہا کہ فنڈز سے3 نئی موبائل لیبارٹریوں کا قیام عمل میں لایا جائے گا، امریکا کورونا کیخلاف پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کرےگا۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکا کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے پاکستان کے ساتھ ترجیحی بنیادوں پرکام کررہا ہے۔
امریکا پاکستان کو کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے مزید 80 لاکھ ڈالرسے زائد امداد دے گا۔ فنڈز سے تین نئی موبائل لیبارٹریوں کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ امریکا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گا۔ امریکی سفارتخانہ پال جونز نے کہا کہ افغان مہاجرین کے کیمپس کیلئے 24 لاکھ ڈالر اقوام متحدہ برائے مہاجرین کمیشن کے ذریعے دی جائیگی۔
ہائی ٹیک ایمرجنسی آپریشن سینٹرز کیلئے 10لاکھ ڈالرکی رقم خرچ کی جائے گی۔20 لاکھ ڈالر کی رقم کمیونٹی ہیلتھ کئیر ورکرز کی ٹریننگ پر استعمال ہو گی۔ امریکی سفیر نے کہا کہ حالیہ تعاون پاکستان امریکا کے درمیان صحت کے شعبہ میں تعاون کا نیا باب ہے۔ ہائی ٹیک ایمرجنسی آپریشن سینٹرز چاروں صوبوں میں بنائے جائیں گے۔ ہم مل کراس مہلک مرض کا خاتمہ اور اپنے عوام کی جان بچا سکتے ہیں۔
پاکستان اور امریکا کے درمیان مختلف شعبوں میں 18.4بلین ڈالر کا تعاون رہا ہے۔ گزشتہ20 سال میں 1.1 بلین ڈالر سے زائد شعبہ صحت میں تعاون رہا ہے۔ اس سے قبل امریکا نے پاکستان کو کورونا وائرس سے نمٹنے والے امداد کے حقدار ممالک کی ترجیحی لسٹ میں شامل کیا تھا۔ سینئر امریکن حکام کا کہنا ہے کہ امریکا نے عالمی وباء کورونا وائرس کے انتہائی مہلک اثرات سے متاثر ہونے والی بین الاقوامی کمیونٹی کیلئے 274 ملین ڈالر کا فنڈ قائم کردیا ہے، قائم کردہ فنڈ میں جن ممالک کو امداد دی جائے گی ان میں پاکستان کو بھی حق دار قرار دیا گیا ہے۔
امداد دینے کیلئے امریکا کی ترجیحی لسٹ کے ممالک میں افغانستان، بنگلا دیش، انڈونیشیاء ، قازکستان، ازبکستان، تھائی لینڈ ، برماشامل ہیں، ان ترجیحی لسٹ والے ممالک میں پاکستان کو بھی شامل کیا گیا ہے۔