لاک ڈاؤن كی خلاف ورزی پر 2 ماركیٹس اور9 دكانیں سیل؛ 56 افراد گرفتار

  • April 18, 2020, 12:10 am
  • National News
  • 426 Views

كوئٹہ میں ضلعی انتظامیہ نے دفعہ 144 اور لاک ڈاؤن كی خلاف ورزی كرنے پر 2 ماركیٹس اور 9 دكانیں سیل كركے 56 افراد كو گرفتار كرلیا۔

اسسٹنٹ كمشنر كوئٹہ سٹی سیدہ ندا كاظمی نے ایكسپریس سے گفتگو كرتے ہوئے بتایا كہ جمعرات كے روز ضلعی انتظامیہ نے كوئٹہ شہر كے مختلف علاقوں میں دفعہ 144 اور لاک ڈاؤن كی خلاف ورزی پر كارروائی كرتے ہوئے 2 ماركیٹس اور9 دكانیں سیل كركے 56 افراد كو گرفتاركرلیا۔

اسسٹنٹ كمشنر كوئٹہ سٹی ندا كاظمی كے مطابق كوئٹہ شہر میں دفعہ 144 اور لاک ڈؤن پر سختی سے عملدرآمد كرایا جارہا ہے، دوسری جانب ایس ایس پی آپریشن كوئٹہ كے دفتر سے جاری رپورٹ كے مطابق كیپٹل سٹی پولیس نے كوئٹہ كے چاروں پولیس ڈویژن سٹی، قائد آباد، صدر اور سریاب میں لاک ڈاؤن كی خلاف ورزی اور اسنیپ چیكنگ كے دوران 8 افراد كو گرفتار كرلیا۔
انہوں نے کہا کہ 79 افراد كو موقع پر پوچھ گچھ كے بعد تنبیہ كركے چھوڑ دیا گیا، 56 غیر قانونی نمبر پلیٹ گاڑیوں كے خلاف كارروائی كی گئی، 117 گاڑیوں سے كالے شیشے ہٹا دئیے گئے جب كہ 181 گاڑیوں اور 127 موٹر سائیكلوں كو چالان كیا گیا، 100 مختلف گاڑیوں اور 160 موٹر سائیكلوں كو پوچھ گچھ كركے چھوڑ دیا گیا، دفعہ 144 كی خلاف ورزی كے مرتكب افراد كی جانب سے قوانین كا احترام كرنے كی ضمانت پر انہیں رہائی دے دی گئی۔

ایس پی آپریشن كوئٹہ طارق الہیٰ مستوئی نے عوام سے اپیل كی ہے كہ وہ لاک ڈاون كے دوران گھروں میں رہنے كو ترجیح دیں اور حكومت كی جانب سے لاگو قوانین كا احترام كریں كورونا وائرس كی اس سنگین صورتحال میں ہر فرد نے انفرادی اور اجتماعی ذمہ داری نبھانی ہے۔