بلوچستان سے ایمبولینس میں گٹکا کراچی منتقل کیے جانے کا انکشاف

  • April 20, 2020, 7:52 pm
  • Breaking News
  • 174 Views

بلوچستان سے ایمبولینس میں گٹکا کراچی منتقل کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق گٹکا بنانے والوں نے لاک ڈاؤن کے دوران اخلاقیات کی حدیں پار کر دیں، گٹکے کی ترسیل کے لیے ایمبولینس کا استعمال کرنے لگے۔

نیپئر پولیس نے بلوچستان سے مریض کی منتقلی کا جھانسہ دے کر کراچی میں گٹکا اسمگل کرنے والے ملزمان کو گرفتار کر لیا، پولیس نے یہ کارروائی کشتی چوک پر کی اور 3 ملزمان کو ایمبولینس سمیت پکڑا۔

ملزمان کے قبضے سے بھارتی گٹکا برآمد کیا گیا، گرفتار ملزمان کا کہنا تھا کہ انھوں نے مجبوری میں یہ کام کیا، ہمیں مال کو سہراب گوٹھ کراچی پہنچانے کے لیے کہا گیا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کرونا بیماری کا جھانسہ دے کر گٹکا سپلائی کر رہے تھے، گٹکا چھپانے کے لیے ایک ملزم کو مریض بنا کر ایمبولینس میں لٹایا گیا تھا، پولیس سے بچنے کے لیے ملزمان نے ایمبولینس کے روٹر بھی آن رکھے ہوئے تھے۔

ادھر کراچی میں موچکو پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک ایمبولینس سے بڑی مقدار میں چھالیہ برآمد کر لیا ہے، اس کارروائی کے دوران ڈرائیور کو بھی گرفتار کیا گیا، ایس ایس پی مقدس حیدر کا کہنا تھا کہ ملزم ایمبولینس میں چھالیہ سپلائی کر رہا تھا، ملزم ناکوں سے بچنے کے لیے ایمبولینس کا استعمال کرتا تھا۔