لاک ڈاون کے دوران لاہور میں شہر کی تاریخ کی سب سے بڑی ڈکیتی کی واردات

  • April 21, 2020, 12:26 pm
  • National News
  • 225 Views

اک ڈاون کے دوران لاہور میں شہر کی تاریخ کی سب سے بڑی ڈکیتی کی واردات، فیکٹری ایریا کے علاقے میں ڈاکو گھر سے سینتیس لاکھ روپے کی نقدی، ستائیس لاکھ روپے مالیت کے امریکی ڈالر، ایک سو تین تولے سمیت ہیرے کے زیورات بھی لوٹ کر فرار ہوگئے۔ نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں کرونا لاک ڈاون کے باوجود شہر کی تاریخ کی سب سے بڑی ڈکیتی کی واردات رونما ہوئی۔
پیر کے روز لاہور کے فیکٹری ایریا کے علاقے علی کالونی میں تین ڈاکو ایک گھر میں داخل ہوئے اور گھر میں موجود سیکورٹی گارڈ سمیت گھر کی تین خواتین کو یرغمال بنا لیا۔ بعد ڈاکو ساڑھے 3 گھنٹے تک گھر میں لوٹ مار کرتے رہے۔ ڈاکووں نے گھروں میں موجود کروڑوں مالیت کی مقامی و امریکی کرنسی اور درجنوں تولے سونا لوٹ لیا اور آرام سے فرار ہوگئے۔
بعد ازاں اطلاع ملنے پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گھر میں موجود سیکورٹی گارڈ کو شک کی بنا پر حراست میں لے لیا۔

پولیس کی جانب سے واقعے کی تفتیش کی جا رہی ہے۔ متاثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ پولیس نے رابطے کیے جانے کے بعد دیر سے ردعمل دیا۔ شہر میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ لاک ڈاؤن کے نفاذ کے بعد سے اب تک شہر میں قتل کی 18 وارداتیں ہوئی ہیں۔ شہریوں کو لوٹنے کی 164 وارداتیں اور گاڑی و موٹر سائیکل چوری کی 312 وارداتیں رپورٹ ہوئیں۔ شہریوں کو کہنا ہے کہ پولیس نے پورے شہر میں جگہ جگہ ناکے لگا رکھے ہیں، اور علاقوں میں گزشت کا سلسلہ بھی جاری رہتا ہے، اس کے باوجود جرائم کی شرح میں کمی نہیں آ رہی۔