پاکستان میں کرونا کے باعث اموات کی تعداد 192 ہو گئی، 52 کی حالت تشویش ناک

  • April 21, 2020, 12:29 pm
  • COVID-19
  • 158 Views

اسلام آباد: پاکستان میں کرونا وائرس کی صورت حال تشویش ناک ہوتی جا رہی ہے، ملک میں وائرس کی وجہ سے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 11 اموات کے بعد مجموعی تعداد 192 ہو گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 796 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، جس کے بعد ملک میں وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 9216 ہو گئی ہے۔

این سی او سی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کرونا کے 6 ہزار 958 مریض زیر علاج ہیں، اب تک اس وائرس سے متاثر ہونے والے 2066 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں، جب کہ زیر علاج مریضوں میں 52 کی حالت تشویش ناک ہے۔

ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے 5347 ٹیسٹ کیے گئے، جب کہ مجموعی طور پر اب تک 1 لاکھ 11 ہزار 886 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

این سی او سی کے مطابق پنجاب میں تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 4,195 ہے، وائرس سے پنجاب میں 45 اموات ہو چکی ہیں جب کہ 742 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ سندھ میں تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 2,764 ہے، جب کہ اموات 61 ہو چکی ہیں، اور صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 635 ہے۔

خیبر پختون خوا میں کیسز کی تعداد 1,276 ہو گئی ہے، لیکن اموات دیگر صوبوں سے بڑھ کر 74 ہو گئیں، اب تک صرف 297 مریض ہی صحت یاب ہو سکے ہیں۔ بلوچستان میں کیسز کی تعداد 465 ہے، اموات 6 جب کہ صحت یاب افراد کی تعداد 161 ہے۔ اسلام آباد میں کیسز کی تعداد 185، اموات 3 جب کہ صحت یاب مریضوں کی تعداد 20 ہے۔ آزاد جموں و کشمیر میں کیسز کی تعداد 50، صحت یاب افراد کی تعداد 16 ہے جب کہ وائرس سے کوئی موت واقع نہیں ہوئی۔