پاکستان میں کرونا مریضوں کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کرگئی

  • April 23, 2020, 3:46 pm
  • COVID-19
  • 112 Views

اسلام آباد : نئے اور مہلک کرونا وائرس سے ملک میں 24 گھنٹوں میں 15 افراد کی موت ہوئی، جس کے بعد پاکستان میں جاں بحق افراد کی تعداد 224 ہوگئی۔

پاکستان میں کرونا وائرس کے پے در پے حملے جاری ہیں، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 742 نئے کرونا کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک بھر میں کوویڈ 19 کے مریضوں کی مجموعی تعداد 10 ہزار 513 ہوگئی۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں وائرس میں مبتلا مزید 15 افراد دم توڑ گئے، جس کے بعد ملک بھر میں عالمگیر وبا قرار دئیے جانے والے وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 224 تک پہنچ گئی، ملک میں کرونا کے 7952 مریض زیر علاج ہیں، وائرس سے متاثرہ 2337 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں جبکہ 58 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پنجاب میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 4590 تک پہنچ گئی، سندھ میں 3373 افراد میں وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے، خیبر پختون خوا میں وائرس کے 1453 سامنے آ چکے ہیں، بلوچستان میں 52 افراد وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں، آزاد جموں و کشمیر میں مریضوں کی تعداد 51 ہو گئی، گلگت بلتستان میں 290 افراد میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 204 مریض سامنے آ چکے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران 6 ہزار 700 افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے ہیں، پاکستان میں تاحال ایک لاکھ 24 ہزار 549 کرونا ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔

خیال رہے کہ کراچی کے ضلع شرقی میں متاثرہ گلیاں اور محلے سیل کیے جا چکے ہیں، یو سی 8 اور 9 ریڈ زون قرار دے دیے گئے، آمد و رفت معطل کر دی گئی، سندھ میں لاک ڈاؤن میں 30 اپریل تک توسیع کی گئی ہے جبکہ پنجاب میں بھی لاک ڈاؤن میں 25 اپریل تک توسیع کردی گئی ہے۔