ملکی تاریخ میں پہلی بار وزارت سائنس، رویت ہلال کمیٹی میں شامل

  • April 23, 2020, 3:47 pm
  • National News
  • 157 Views

اسلام آباد: ملکی تاریخ میں پہلی بار وزارت سائنس کو رویت ہلال کمیٹی میں شامل کرلیا گیا، وزارت مذہبی امور نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ فواد چوہدری نے اہم اقدام قرار دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملکی تاریخ میں ایسا پہلی بار ہوا کہ وزارت سائنس کو رویت ہلاک کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے۔ وفاقی وزیرسانئس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے مذکورہ اقدام کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ وزارت سائنس کی رویت ہلال کمیٹی میں شمولیت درست قدم ہے، مذہبی تہوار اتحاد اور برکت کا باعث ہوتے ہیں، اتحاد وبرکت کے جذبے سے آگے بڑھنا چاہیے۔

ٹوئٹ کے ذریعے فواد چوہدری نے رمضان شریف کی پیشگی مبارک باد بھی دی۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت سائنس نے رمضان کا چاند نظر آنے سے متعلق تصاویر جاری کردی ہیں، تصاویر میں 23 اپریل کو پشاور میں مغربی افق پر چاند کے مقام کی نشاندہی دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق جمعرات کو غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 12 گھنٹے سے بھی کم ہوگی، افق پر چاند کی بلندی صرف 2 ڈگری ہوگی، خیبرپختونخواہ میں کسی بھی جگہ چاند دوربین سے نظر آنا بھی نا ممکن ہے، پاکستان میں 23 اپریل کو چاند نظر آنا ممکن نہیں ہے۔

خیال رہے کہ رمضان المباک کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس جمعرات(کل) کو طلب کیا ہے، جس میں چاند نظر آنے یا نہ آنے سے متعلق اعلان کیا جائے گا۔