خیبرپختونخواہ میں رمضان المبارک کا چاند نظر آ جانے کا دعویٰ

  • April 23, 2020, 10:50 pm
  • National News
  • 103 Views

خیبرپختونخواہ میں رمضان المبارک کا چاند نظر آ جانے کا دعویٰ، حکام مسجد قاسم علی خان پشاور کا کہنا ہے کہ صوبے کے مختلف اضلاع سے ماہ مقدس کے چاند دیکھنے کی غیر مصدقہ اطلاعات موصول ہورہی ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق مفتی پوپلزئی کی صدارت میں پشاور کی مسجد قاسم علی خان میں رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے ایک غیر سرکاری اجلاس منعقد کیا گیا ہے۔
مفتی پوپلزئی کی جانب سے ہر سال یہ اجلاس طلب کیا جاتا ہے، جس سے ملک میں رمضان المبارک کے آغاز اور عیدین کے حوالے سے تنازعہ پیدا ہوتا ہے۔ جمعرات کے روز منعقدہ اجلاس کے دوران مسجد قاسم علی خان حکام اور مفتی پوپلزئی کی جانب سے بیان جاری کیا گیا ہے کہ خیبر پختونخواہ کے مختلف اضلاع سے رمضان المبارک کے چاند دیکھنے کی غیر مصدقہ اطلاعات موصول ہورہی ہے ۔
مسجد قاسم علی خان میں 6 گواہان موصول ہوئے ہیں۔ تمام شہادتوں کو عین شرعی قوانین پر تولا جائیگا ۔ رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے اعلان سے پہلے تمام شرعی لوازمات بفضل خدا پورے کیے جائیں گے ۔ جبکہ دوسری جانب مفتی منیب الرحمان کی زیر صدارت رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں ہوا۔ اجلاس میں کمیٹی کے ارکان اور وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے نمائندہ نے شرکت کی۔
جبکہ اجلاس کے دوران ملک کی تمام زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے ارکان بھی بذریعہ آن لائن شریک ہوئے۔ اس دوران ملک کے کسی بھی حصے سے چاند کی شہادت موصول نہیں ہوئی۔ تمام زونل رویت ہلال کمیٹیوں نے تصدیق کی کہ رمضان المبارک کے چاند کی شہادت موصول نہیں ہوئی۔ تمام صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد مفتی منیب الرحمان نے اعلان کیا کہ ملک کے کسی حصے سے رمضان المبارک کے چاند کی شہادت موصول نہیں ہوئی، اس لیے یکم رمضان المبارک 25 اپریل بروز ہفتہ کو ہوگی۔ مفتی منیب الرحمان نے عوام سے درخواست کی ہے کہ رمضان المبارک کے دوران مساجد میں نماز کی ادائیگی کیلئے حکومت کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر سختی سے عمل کیا جائے۔