جھاڑودینے والی ایم اے پاس خاتون کو سرکاری نوکری مل گئی

  • April 25, 2020, 1:17 pm
  • Education News
  • 240 Views

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے حکم پر ماسٹر ڈگری ہولڈر بے روزگارخاتون کو ملازمت فراہم کردی گئی۔

عثمان بزدار نے وہاڑی میں روزی کمانے کیلئے جھاڑودینے والی خاتون مہوش کے بارے میں شائع ہونے والی خبرکا نوٹس لیتے ہوئے وہاڑی میں سرکاری ملازمت کاانتظام کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ کی ہدایت پر مہوش کو سرکاری ملازمت مل گئی اور ڈی پی ایس وہاڑی میں طالبہ کو آفس جاب کے لئے تقررنامہ جاری کردیا گیا۔
عثمان بزدار نے کہا کہ ایسا نظام وضع کررہے ہیں جہاں مہوش جیسی تعلیم یافتہ بیٹیاں عزت سے روزی کما سکیں، ماضی کے حکمرانوں نے بوسیدہ نظام دے کرقوم پر ظلم کیا ہے، ہماری حکومت یہ نظام بدل رہی ہے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ فرسودہ نظام میں قوم کی تعلیم یافتہ بیٹی روزی کے لئے سڑکوں پرآنے پر مجبور ہوئی، تعلیم یافتہ بیٹی کے ہاتھ میں جھاڑو دیکھ کر دل خون کے آنسو رویا، مہوش جیسی ہونہار بیٹیاں قوم کا روشن مستقبل ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں خاتون کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں انہوں نے بتایا کہ تھا وہ روزانہ غلہ منڈی سمیت مختلف دفاتر میں صفائی ستھرائی کرتی ہیں جس کے عوض انہیں ماہانہ 3000 ہزار روپے تنخواہ ملتی ہے، وہ ایم اے پاس ہیں اور انہوں ملازمت کے حصول کے لیے کافی کوششش لیکن ناکام رہیں۔