صوبے میں مقامی سطح پر کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے، ڈی جی ہیلتھ بلوچستان

  • April 25, 2020, 1:32 pm
  • COVID-19
  • 326 Views

کوئٹہ: ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ بلوچستان ڈاکٹر سلیم ابڑو کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں لوکل سطح پر کورونا وائرس کی منتقلی میں تیزی آگئی ہے اس لیے عوام لاک ڈاؤن کی پابندی کریں۔

ڈی جی ہیلتھ بلوچستان ڈاکٹر سلیم ابڑو نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کورونا سے جاں بحق افراد کی تعداد 8 ہو چکی ہے جب کہ کورونا وائرس کے 607 میں سے 176 افراد صحت یاب ہوکر گھروں کو جاچکے ہیں، اس ضمن میں حکومت بلوچستان کورونا وائرس کے خلاف بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔

ڈاکڑ سلیم ابڑو نے یہ بھی کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر 6 سو ٹیسٹ کر رہے ہیں، آئندہ چند روز میں روازنہ ٹیسٹ کی تعداد 1 ہزار تک پہنچ جائے گی، کل سے کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں رینڈم ٹیسٹ کا آغاز کر دیا گیا ہے جب کہ صوبے کے تمام متاثرہ 13 اضلاع میں ٹیسٹنگ کی سہولت لا رہے ہیں۔
ڈی جی ہیلتھ کا کہنا ہے کہ عوامی سماجی رابطہ کورونا وائرس کے پھیلاوٴ کا ذریعہ ہے یہی وجہ ہے کہ بلوچستان میں لوکل سطح پر کورونا وائرس کی منتقلی میں تیزی آگئی ہے، عوام لاک ڈاؤن کی پابندی کریں کیوں کہ کورونا سے بچاؤ کے لیے حکومتی لاک ڈاؤن پر عوام کا تعاون درکار ہے۔