وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کے معاون خصوصی کامران بنگش میں کورونا کی تصدیق

  • April 25, 2020, 4:10 pm
  • COVID-19
  • 130 Views

وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کے معاون خصوصی کامران بنگش میں کورونا کی تصدیق ہو گئی ہے۔ اس بارے میں تفصیلات بتاے ہوئے ترجمان وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کا کہنا تھا کہ معاون خصوصی کامران بنگش کی گزشتہ رات طبیعت خراب ہوئی تھی جس کے بعد انہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔ ہسپتال میں ڈاکٹروں نے حفاظتی طور پر ا ن کا کورونا ٹیسٹ کروایا جس کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔
کورونا رپورٹ آنے کے بعد کامران بنگش کو قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔ کامران بنگش دو روزپہلے جنوبی اضلاع کے دورے پر گئے تھے ۔ معاون خصوصی کامران بنگش نے اپیل کی ہے کہ سماجی دوری برقرار رکھیں تاکہ کورونا کو شکست دی جاسکے ۔ کورونا وائرس پاکستان میں بھی تیز ی سے پھیل رہا ہے جس کے بعد شہریوں کے علاوہ اب سیاستدان بھی اس کی لپیٹ میں آ رہے ہیں۔
کچھ دن قبل رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئےتھے۔ ترجمان جماعت کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیاتھا کہ سید عبدالرشید کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔ رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید کا تعلق جماعت اسلامی سے ہے۔اس سے پہلے سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی بھی کورونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں لیکن انہوں نے خوف کو قرنطینہ کر کے صحت یابی حاصل کر لی تھی۔
کامران بنگش نے بھی قرنطینہ میں جاتے ہوئے لوگوں کو آئسولیشن میں رہنے کی تلقین کی ہے۔یاد رہے کہ پاکستان میں کورونا مریضوں کی تعداد 11,940 تک پہنچ گئی جبکہ 16مزید اموات کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 253 ہو گئی ہے ۔خیبر پختونخواہ میں کیسز کی تعداد 1708 تک جاپہنچی ہے جبکہ جاں بحق افراد کی تعداد 89 ہوگئی ہے۔ اس وقت ملک میں لاک ڈاون جاری ہے جس کے بعد لوگوں سے سماجی رابطے قائم رکھنے کی اپیل کی جا رہی ہے۔