لاک ڈائون کے دو ران کرایہ داروں کو ریلیف نہ دینا سمجھ سے بالاتر ہے،مولاناواسع

  • April 25, 2020, 11:56 pm
  • National News
  • 113 Views

لاک ڈائون کے دو ران کرایہ داروں کو ریلیف نہ دینا سمجھ سے بالاتر ہے،مولاناواسع
ملک بھر میںکورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہورہاہے جوتشویشناک امر ہے
کوئٹہ(ہمارا کوئٹہ انفارمیشن ڈیسک)جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر ورکن قومی اسمبلی مولاناعبدالواسع نے کہاہے کہ بلوچستان حکومت کی جانب سے لاک ڈائون کے دو ران کرایہ داروں کو ریلیف نہ دینا سمجھ سے بالاتر ہے حکومت دکان مالکان سے دو ماہ کا کرایہ نہ لینے کے احکامات پاس کرتی ہے مگر خود کرایہ داروں اور دکان مالکان کو کسی قسم کاریلیف دینے کے حوالے سے اقد امات کرنے سے گریزاں ہے ،ماہ رمضان میں غریب عوام کو ریلیف کی فراہمی ریاست و حکومت کی اولین ذمہ داری ہے ،عوام کو اس سال رمضان ریلیف کی بجائے کورونا ریلیف دیاجائے ،موجودہ صورتحال کودیکھتے ہوئے کہاجاسکتاہے کہ صوبے میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنی رہا ئش گاہ پر صحافیوں کے ایک گروپ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ مولاناعبدالواسع نے کہاکہ وفاقی حکومت کی جانب سے لاک ڈائون میں نرمی کے بعد ملک بھر میںکورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہورہاہے جوتشویشناک امر ہے ،وفاقی وصوبائی حکومتیں مساجد میں 20نکاتی معاہدے پرعملدرآمد کرانے کیلئے دبائو ڈالنے کی کو شش کررہی ہیں لیکن دوسری جانب بازاروں میں ایس او پیز کی خلاف ورزیاں جاری ہے اس کی تدارک کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے ،ہم سمجھتے ہیں کہ حکو مت کورونا وائرس کی روک تھام میں دلچسپی نہیں لے رہی کیونکہ حکومت خود اپنے اجلاسوں میں ایس او پیز پرعملدرآمد نہیں کررہی ہے ،انہوں نے کہاکہ اگر حکو مت واقعی کورونا وائرس کے خاتمے اور ایس او پیز پرعملدرآم کرناچاہتی ہے تو پہلے اپنے ہی اجلاسوں میں ایس او پیز پرعملدرآمدیقینی بنائیں ،انہوں نے کہاکہ جمعیت علماء اسلام اور ا ن کے کارکن سمجھتے ہیں کہ کورونا وائرس ایک عالمی وباء ہے جس کے تدارک کیلئے سب کو مل کرچلنااولین شرط ہے ،انہوں نے کہاکہ ماہ رمضان میں عوام کو ریلیف دینا حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے اس بار حکومت رمضان پیکج ی بجائے کورونا ریلیف میں عوام کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔جمعیت علماء اسلام بلوچستان کی سب سے بڑی سیاسی ومذہبی جماعت ہے حکومتی سطح پر جتنے بھی ہتھکنڈے استعمال کئے جائیں جمعیت علماء اسلام کے گراف کونیچے نہیں گرایاجاسکتا،جمعیت علماء اسلام ایک نظریاتی جماعت ہے جس کااپنے کارکنوں پر بھرپور اعتماد ہے ،انہوں نے کہاکہ حکومت کی غیر منصفانہ راشن تقسیم سے عوام میں بے چینی پائی جارہی ہے متاثرین میں یکساں طورپر راشن اور دیگر مالی امداد کی تقسیم حکومت کا فرض ہے۔