رمضان کا آغاز ہوتے ہی گیس و بجلی کی لوڈ شیڈنگ

  • April 26, 2020, 12:44 am
  • National News
  • 114 Views

رمضان المبارک کے پہلے روز مکینوں کو افطاری کے وقت بجلی و گیس کی قلت کا سامنا کرنا پڑا۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں عصر کے بعد سے گیس بالکل غائب ہوگئی جس کی وجہ سے افطار ی بنانے میں مشکلات کا سامنا رہا۔اسی دوران بجلی کی لوڈشیڈنگ بھی ہوئی جس کی وجہ سے گھروں میں اندھیرا ہوگیا اور لوگ اندھیرے میں ہی افطار کرنے پر مجبور رہے۔

متاثرہ علاقوں میں گلبرگ بلاک 12 سمیت فیڈرل بی ایریا کے مختلف بلاکس سمیت ملیر، لانڈھی، کورنگی، صدر، اورنگی، لیاقت آباد سمیت مختلف علاقے شامل ہیں۔

یاد رہے کہ کراچی میں ہونے والے لاک ڈاؤن کے بعد سے مکینوں کو بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ کا سامنا کرنا نہیں پڑ رہا تھا البتہ آج اہم موقع پر اچانک ایسی صورت حال پیدا ہوگئی جس کی وجہ سے لوگ پریشانی کا شکار ہوگئے۔کے الیکٹرک یا سوئی سدرن گیس کی جانب سے لوڈ شیڈنگ پر تاحال کوئی وضاحت پیش نہیں کی گئی۔

شہریوں نے سوال اٹھایا ہے کہ جب لاک ڈاؤن کے دوران تمام کاروباری مراکز، بازار اور صنعتیں بند ہیں تو پھر شہر میں لوڈشیڈنگ کیوں کی جارہی ہے؟۔