ملک میں کورونا سے 24 گھنٹے میں مزید 15 زندگیاں چلی گئیں، تعداد 268 ہوگئی

  • April 26, 2020, 12:45 am
  • COVID-19
  • 151 Views

اسلام آباد: ملک بھر میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد بڑھ کر 12 ہزار644 ہوگئی اور یہ وائرس اب تک 268 افراد کی جان لے چکا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق کورونا کے 704 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد مجموعی کیسز بڑھ کر 12 ہزار 644 تک جا پہنچی ہے جن میں سے زیر علاج مریضوں کی تعداد 9 ہزار 617 ہے۔

مزید 15 افراد جاں بحق
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا سے مزید 15 افراد لقمہ اجل بن گئے جس کے بعد اس وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 268 ہوگئی، خیبر پختونخوا میں کورونا سے اموات کی تعداد 93 ہوگئی، سندھ میں 78، پنجاب 81، بلوچستان 10 جب کہ اسلام آباد اور گلگت بلتستان میں 3 ، 3 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

ایک لاکھ سے زائد ٹیسٹ

اب تک ملک بھر میں کورونا کے ایک لاکھ 38 ہزار 147 ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں اور اب تک 2 ہزار 755 مریض صحت یاب ہوگئے۔

ملک میں کورونا کے مریضوں کی سب سے زیادہ تعداد پنجاب میں ہے جہاں مصدقہ کیسز کی تعداد 5 ہزار 378 ہے۔ سندھ میں 4232، خیبرپختونخوا میں 1793 جب کہ بلوچستان میں 656 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ گلگت بلتستان میں کورونا کا شکار افراد کی تعداد 307، اسلام آباد میں 223 اور آزاد کشمیر میں 55 ہے۔