پاکستان میں کورونا وائرس عروج کی جانب گامزن ہے ،قاسم سوری

  • April 27, 2020, 10:55 am
  • COVID-19
  • 143 Views

پاکستان میں کورونا وائرس عروج کی جانب گامزن ہے ،قاسم سوری
عوام زیادہ سے زیادہ گھروں میں رہ کر احتیاط کریں تاکہ وہ اور انکے اہلخانہ اس وباء سے محفوظ رہیں
کوئٹہ (ہمارا کوئٹہ انفارمیشن ڈیسک) ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی وباء اپنے عروج کی جانب گامزن ہے عوام زیادہ سے زیادہ گھروں میں رہ کر احتیاط کریں تاکہ وہ اور انکے اہلخانہ اس وباء سے محفوظ رہیں ،ہمیں عوام کو پہنچنے والی تکلیف کا احساس ہے وفاقی اور صوبائی حکومتیں ملکر لاک ڈائون سے متاثر ہونے والے افراد کی امداد کر رہی ہیں ۔ یہ بات انہوں نے اتوار کو یہاں جاری اپنے ایک بیان میں کہی، انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس نے جس طرح پوری دنیا کو متاثر کیا ہے اس سے اس وائرس کی سنگینی کا ادراک کرنا چاہیے پاکستان میں ابھی تک اس وائرس کا عروج نہیں آیا جو15مئی تک آنے کا امکان ہے اس خدشے کے پیش نظر عوام کو چاہیے کہ وہ زیادہ سے زیادہ گھروں میں رہیں اور احتیاطی تدابیر اپنائیں ،اگر ایسا نہ کیا گیا تو ہمارے ہسپتالوں میں مریضوں کو رکھنے کی جگہ ختم ہونے کا بھی خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کا واحد حل لاک ڈائون ہے جو حکومت نے نہ چاہتے ہوئے بھی نافذ کیا ہے لیکن بہت سے ایسے شعبے ہیں جن میں عوام کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے رعایت دی گئی ہے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جاسکے لیکن کچھ لوگ اس نرمی کا ناجائز فائدہ بھی اٹھا رہے ہیں جس سے ان سمیت پورے معاشرے کا نقصان ہورہا ہے ایسے افراد سے گزارش ہے کہ وہ انتظامیہ اور حکومت سے تعاون کریں ، انہوں نے کہا کہ احساس کفالت پروگرام کے ذریعے لاک ڈائون سے متاثرہ افراد کی امداد کا سلسلہ جاری ہے صوبائی حکومتیں اور مخیر حضرات کی جانب سے بھی امدادی کام جاری ہیںہمارا عزم ہے کوئی بھی لاک ڈائون میں بھوک سے متاثر نہ ہو ہماری نیت صاف ہے انشاء اللہ ہم عوام کو ریلیف دینے اور کورونا وائرس کو شکست دینے میں کامیاب ہونگے۔