انتقال کے بعد مریض کی کورونا ٹیسٹ رپورٹ منفی آگئی

  • April 29, 2020, 8:08 pm
  • COVID-19
  • 377 Views

ڈاکٹروں نے جس مریض کو کورونا وائرس زدہ قرار دے کر اس کو ہاتھ لگانے سے منع کردیا تھا اس کے انتقال کے بعد ٹیسٹ رپورٹ منفی آگئی۔

تفصیلات کے مطابق خیرپور کے مقامی اسپتال میں تین دن پہلے انتقال کرنے والے شخص کی کورونا ٹیسٹ رپورٹ منفی آگئی، مرحوم کو ڈاکٹر کورونا کا مریض کہہ کر اسپتال سے بھاگ گئے تھے۔

ذرائع کے مطابق تین روز قبل شکیل نامی مریض کو طبیعت خراب ہونے پر خیرپور کے مقامی اسپتال لایا گیا، مریض میں نزلہ و بخار جیسی علامات تھیں جنہیں دیکھ کر ڈاکٹرز نے اسے علاج کرنے سے منع کردیا اور مریض کو چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

اس حوالے سے مرحوم کے لواحقین نے الزام عائد کیا ہے کہ شکیل فوری طبی امداد نہ ملنے کے باعث انتقال کرگیا، مرحوم کو ڈاکٹروں نے چیک نہیں کیا تھا اور نہ ہی ہمیں ایمبولینس دی گئی، شکیل کے ورثا نے ڈاکٹرز کے خلاف مقدمے کے اندراج کیلئے عدالت جانے کا اعلان کیا ہے۔

علاوہ ازیں سکھر کے قرنطینہ سینٹر میں مزید77افراد صحت یاب ہوگئے، انچارج قرنطینہ سینٹر انیس الرحمان کا کہنا ہے کہ صحت یاب افراد کا تعلق ملک کے مختلف علاقوں سے ہے، متاثرہ افراد کے کورنا کے دوبارہ ٹیسٹ کروائے گئے، صحتیاب ہونے والےافراد کو گھروں کو روانہ کیاجائے گا۔