پاکستان ماسک ، سینی ٹائزراور واک تھرو گیٹس خود بنائے گا ، فواد چوہدری

  • April 30, 2020, 9:11 pm
  • Business News
  • 147 Views

اسلام آباد : وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ہم نے فیصلہ کیا ماسک ، سینی ٹائزر، واک تھرو گیٹس خود بنائیں اور کورونا ٹیسٹنگ کٹ تیاری کیلئے ایک تحقیقاتی کمیٹی بنادی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے مسٹیک ہیڈکوارٹراسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 26 فروری کو پاکستان میں پہلے2کیس سامنے آئے تھے اور مارچ کے پہلے ہفتے میں ہم نے حفاظتی سامان بنانےکا پلان ترتیب دیا.

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہم نے فیصلہ کیا ماسک ، سینی ٹائزر، واک تھرو گیٹس خود بنائیں، وائرس کے آنے کے 10روز میں ہی سینی ٹائزز کی قلت کا سامنا تھا لیکن سینی ٹائزر آج ملک میں وافر مقدار میں موجود ہیں۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ہم نے پانچ بڑے چیلنجز کا سامنا کرنے کا فیصلہ کیا، ہم نےکورونا ٹیسٹنگ کٹ تیاری کیلئے ایک تحقیقاتی کمیٹی بنادی ہے۔

یاد رہے وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا تھا کہ ٹیسٹنگ کٹس اور وینٹی لیٹرز کے حتمی ٹرائلز ہو رہے ہیں، ہم آج سینیٹائزر ایکسپورٹ کرنے کی پوزیشن میں ہیں،ہمیں پاکستانی اداروں اور پروفیشنلز پر فخر ہونا چاہیے، ماسک ہم اپنے بنا رہے ہیں،این 95 ماسک بنانے کے بہت قریب ہیں، ڈاکٹرز کے دستانے، ڈاکٹرز کے لباس ہم نے اپنے بنائے ہیں۔

وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا کہنا تھا کہ یہ سب کچھ صرف چند ہفتے پہلےتک ہم صرف امپورٹ کر رہے تھے،مایوس گروپ جو کہتا ہے ہم کچھ نہیں کرسکتے یہ کامیابیاں ان کو بتانے کے لیے کافی ہیں۔