لاہور، دوستوں کے مذاق نے 6 سالہ بچے کی جان لے لی

  • May 2, 2020, 9:27 pm
  • National News
  • 426 Views

لاہور: پنجاب کے شہر لاہور میں دوستوں کے مذاق نے 6 سالہ بچے کی جان لے لی۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق رائیونڈ کے علاقے وطنہ میں 6 سالہ حسنین اپنے دوستوں کے ساتھ کھیتوں میں کھیل رہا تھا کہ اس دوران اس کے دوستوں‌ نے منہ اور ناک میں مٹی ڈالی جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہوگیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ منہ اور ناک میں مٹی ڈالنے کی وجہ سے حسنین دم توڑ گیا، کھیلتے ہوئے علی عرف موٹا نے حسنین کے منہ اور ناک میں مٹی ڈالی تھی۔

رائیونڈ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول حسنین کے دوستوں کی عمریں 5 سے 8 سال کے درمیان ہیں، حسنین کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کردیا گیا ہے۔

پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حسنین کی موت دم گھٹنے کی وجہ سے ہوئی اور اس کی سانس کی نالی میں مٹی پھنس گئی تھی جس کی وجہ سے وہ سانس نہ لے سکا۔

واضح رہے کہ رواں سال جنوری میں پشاور میں بچوں نے کھیل کے دوران لڑائی میں مبینہ طور پر دوست کو قتل کردیا تھا۔

پشاور پولیس کا کہنا تھا کہ فواد کی لاش برساتی نالے کے پاس سے ملی، تیز دھار آلہ مبینہ طور پر 10 سالہ فواد کے سینے میں گھونپا گیا، گرفتار بچوں کی عمریں 9 سے 10 سال کے درمیان ہیں۔

پشاور پولیس کا کہنا تھا کہ آلہ قتل برآمد کرلیا گیا اور دونوں بچوں نے جرم کا اعتراف کرلیا۔