یکم جون سے تعلیمی ادارے کھولنے کی مخالفت

  • May 6, 2020, 6:12 pm
  • Education News
  • 283 Views

اسلام آباد : پنجاب، بلوچستان اور سندھ نے یکم جون سے تعلیمی ادارے کھولنے کی مخالفت کردی جبکہ خیبرپختونخوا نے حمایت کی، صوبوں میں اتفاق نہ ہونے پر معاملے کو کل اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس کا انعقاد ہوا۔ جس میں تمام صوبائی وزراء نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

اجلاس میں پنجاب، بلوچستان اور سندھ نے یکم جون سے تعلیمی ادارے کھولنے کی مخالفت کی اور تینوں صوبوں نے مطالبہ کیا کہ کورونا کے پھیلاؤ کا خدشہ ہے، تعلیمی ادارے بند رکھے جائیں جبکہ خیبرپختونخوا نے یکم جون سےتعلیمی ادارے کھولنے کی حمایت کردی۔

صوبوں میں اتفاق نہ ہونے پر معاملے کو کل ہونے والے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بعد ازاں وزیرتعلیم پنجاب مرادراس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ پنجاب میں اسکول کھولنے سےمتعلق ابھی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا، بچوں ،اساتذہ کی صحت اور زندگیاں ہمارےلئےاہمیت کی حامل ہیں ، اسکول کھولنے کے حوالے سے مشاورت کی جا رہی ہے۔