حکومت کا تعلیمی بورڈز کے تمام امتحانات منسوخ کرنے کا اعلان

  • May 7, 2020, 4:49 pm
  • Education News
  • 312 Views

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ حکومت نے تعلیمی بورڈز کے تمام امتحانات منسوخ کرنے کا اعلان کردیا ہے، نویں، دسویں، گیارہویں اور بارہویں کے جو امتحانات ہورہے تھے، اب یہ امتحانات نہیں ہوں گے بلکہ بلکہ پچھلے سال کے نتائج کو دیکھ کر طلباء کو اگلی جماعت میں پروموٹ کردیا جائے گا۔
انہوں نے وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ جب وباء پھیلی تو وزیراعظم نے ہدایت کی کہ طلباء کی صحت کا خیال رکھا جائے، جس کے باعث تعلیمی ادارے بند کیے گئے اور امتحانات کو جون جولائی تک ملتوی کردیا گیا۔ اسی طرح ہم نے ٹیلی تعلیم کا سلسلہ شروع کیا، ہم نے فیصلہ کیا تھا کہ ہم تمام فیصلوں پر نظر ثانی بھی کریں گے۔
کل اجلاس میں ہم نے صوبوں کے ساتھ ملکر دو بڑے اہم فیصلے کیے گئے ہیں، ایک فیصلہ یہ کیا گیا کہ ملک بھر کے تعلیمی ادارے یکم جو ن کی بجائے 15 جولائی تک بند رکھے جائیں گے۔

اسی طرح دوسرا فیصلہ یہ کیا ہے کہ تعلیمی بورڈز کے تمام امتحانات منسوخ کردیے گئے ہیں۔ نویں، دسویں، گیارہویں اور بارہویں کے جو امتحانات ہورہے تھے، اب یہ امتحانات نہیں ہوں گے بلکہ پچھلے سال کے نتائج کو دیکھ کراگلی کلاسوں میں طلباء کی پروموشن کردی جائیں گی۔ یونیورسٹیاں اپنے امتحانات کے فیصلے خود کریں گی،اسی طرح اب جو طلباء یونیورسٹی میں جائیں گے ان کا گیارہویں کا رزلٹ موجود ہوگا اور جوگیارہویں میں جائیں گے ان کا نویں کا رزلٹ موجود ہوگا۔
اس طرح طلباء پروموٹ بھی ہوجائیں گے اورجو بارہویں کلاس میں تھے اور یونیورسٹی میں جانا تھا اب وہ گیارہویں جماعت کے رزلٹ کی بنیاد پر یونیورسٹیوں میں داخلہ لے سکیں گے۔کیونکہ اگر طلباء امتحانات دینے امتحانی ہال میں جاتے وہاں وائرس پھیلنے کا خدشہ تھا، والدین اس حوالے سے بڑے پریشان تھے، لہذا اب حکومت نے صوبوں کے ساتھ مل کر یہ دو بڑے فیصلے کردیے ہیں۔
مزید برآں وزیراعظم عمران خان نے9 مئی ہفتے سے لاک ڈاؤن کھولنے کا اعلان کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام شعبوں میں مرحلہ وار لاک ڈاؤن کھولیں گے، صوبوں کے ساتھ ملکر فیصلہ کیا کہ اب کچھ آسانیاں پید اکرنی ہیں۔ پاکستان میں شرح اموات بڑ ھ رہی ہے،لیکن نچلا طبقہ بڑی مشکل میں، حکومت تمام متاثرین کو پیسا نہیں دے سکتی۔ قومی رابطہ کمیٹی نے چھوٹی مارکیٹیں اور دکانیں بھی ہفتے میں 2 روز کھولنے کا اعلان کردیا ہے۔ چھوٹی مارکیٹیں اور دکانیں فجر سحری سے شام 5 بجے تک کھولی جائیں گی، جبکہ رات کو مارکیٹیں بند رہیں گی، جبکہ باقی اشیائے خوردونوش کی دکانیں پوراہفتہ کھولی جاسکیں گی۔