بلوچستان میں 66 نئے کرونا کیسز رپورٹ، ہلاکتوں کی تعداد 24 ہوگئی

  • May 8, 2020, 5:28 pm
  • COVID-19
  • 242 Views

کوئٹہ: صوبہ بلوچستان میں آج کرونا وائرس کے مزید 2 مریض جاں بحق ہو گئے ہیں، جبکہ صوبے میں 66 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان میں 24گھنٹے کے دوران مزید 66 افراد میں کرونا کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد1725 ہوگئی۔

محکمہ صحت بلوچستان کا کہنا ہے کہ کرونا کے شکار مزید 2 افرادجاں بحق ہوگئے،صوبے میں کروناسے جاں بحق افراد کی تعداد 24 ہوگئی۔ محکمہ صحت نے بتایا کہ اب تک13 ہزار 241 افراد کے ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں،کرونا سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 209 ہے۔

واضح رہے کہ نئے اور مہلک وائرس کو وِڈ نائنٹین کی عالمگیر وبا سے پاکستان بھر میں اموات کی تعداد 594 ہو گئی ہے، ملک کے مختلف حصوں میں کرونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد بھی بڑھ کر 24,860 ہو گئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اَپ ڈیٹ کے مطابق پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز تیز رفتاری کے ساتھ بڑھ رہے ہیں،گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں11 ہزار 993 کرونا ٹیسٹ کیے گئے، این سی او سی کے مطابق ملک میں اب تک کرونا کے 2 لاکھ 57 ہزار 247 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔