بلوچستان حکومت لاک ڈاؤن کے خاتمے سے متعلق فیصلہ نہ کر سکی

  • May 8, 2020, 5:31 pm
  • COVID-19
  • 375 Views

کوئٹہ : بلوچستان حکومت لاک ڈاؤن کے خاتمے سے متعلق فیصلہ نہ کر سکی، وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کا فیصلہ ایک ہفتے کے ٹیسٹ نتائج دیکھ کر کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کی زیر صدارت اجلاس میں لاک ڈاؤن کے خاتمے کا حتمی فیصلہ نہ ہوسکا ، لاک ڈاؤن سےمتعلق حتمی فیصلے کیلئے آج پھر اجلاس طلب کرلیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کا فیصلہ ایک ہفتےکےٹیسٹ نتائج دیکھ کر کیا جائے گا، کیسزمیں غیرمتوقع اضافہ باعث تشویشناک ہے۔

جام کمال کا کہنا تھا کہ صورتحال بدستورخطرناک ہے، الارمنگ صورتحال سےمتعلق تاجروں کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا، کورونا کے باعث عید بھی سادگی سے منائیں گے۔

یاد رہے انجمن تاجران از خود10مئی سے دکانیں ،مارکیٹیں کھولنے کااعلان کرچکےہیں جبکہ ڈاکٹرز کی جانب سے باربار لاک ڈاؤن کی بجائے کرفیو کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔

خیال رہے بلوچستان میں24گھنٹےکےدوران مزید66افرادمیں کوروناکی تشخیص ہوئی ، جس کے بعد صوبے میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 1725 ہوگئی ہے۔

محکمہ صحت بلوچستان کا کہنا ہے کہ کورونا کے شکار مزید 2افرادجاں بحق ہوگئے، کوروناسےجاں بحق افراد کی تعداد24ہوگئی، اب تک 13ہزار 241افراد کے ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں جبکہ کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 209ہے۔