خیبرپختونخوا میں 15 جون سے میٹرک، انٹر کے امتحانات کے انعقاد کا امکان

  • May 11, 2020, 8:59 pm
  • Education News
  • 155 Views

صوبہ خیبرپختونخوا میں 15 جون سے میٹرک اور انٹر کے امتحانات ہوسکتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت امتحانات منسوخ کرنے کے فیصلے کو تبدیل کرتی ہے تو صوبائی محکمہ تعلیم انٹرمیڈیٹ اور میٹرک کے امتحانات کا انعقاد کرسکتا ہے۔ کمیٹی کا اجلاس (آج) پیر کو وفاقی وزیر برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود کی زیر صدارت ہوگا۔
ایکسپریس ٹریبیون کے مطابق کمیٹی کے ایک ممبر نے کہا کہ تمام تعلیمی بورڈز کے چیئرپرسن کا خیال ہے کہ امتحانات کا انعقاد ہونا چاہئے کیونکہ انھیں انعقاد میں کوئی رکاوٹ نہیں دکھائی دیتی ہے۔امتحانات کے انعقاد کے لئے تمام تیاریاں کی گئیں ہیں،جب کہ کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے ایس او پیز پر عمل کو یقینی بناتے ہوئے امتحانات کا انعقاد کیا جاسکتا ہے۔
لہذا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ صوبے میں 15 جون سے 15 جولائی تک امتحانات کا انعقاد ہو سکتا ہے۔وفاقی وزیر تعلیم کو تعلیمی بورڈز کے چیئرپرسن کے ساتھ مشاورت کیے بغیر بورڈ امتحانات منسوخ کرنے پر شدید ردعمل کا سامنا کرنا پڑا تھا۔اسی مقصد کے لیے بین الصوبائی بورڈز کی چیئرپرسن کمیٹی کا اجلاس طلب کیا گیا ہے جو امتحانات کے انعقاد کے لئے حکمت عملی پر غور کرے گا۔
ممکن ہے کہ وفاقی وزیر شفقت محمود اپنا فیصلہ واپس لے لیں۔کیونکہ انہوں نے پہلے ایک بیان میں واضح کیا تھا کہ تعلیم ایک صوبائی معاملہ ہے۔دوسری جانب وفاقی وزیر شفقت محمود نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پرجاری بیان میں کہا کہ تمام بورڈ کے امتحانات منسوخ کر دیئے گئے ہیں۔ 80 فیصد طالب علموں کو اس سے کوئی مسئلہ نہیں تاہم جو امتحانات کے نتائج میں بہتری کے خواہاں اور نجی اداروں کے طالب علم ہیں ان کو پرموٹ کرنے کیلئے پالیسی تشکیل دی جا رہی ہے جو جمعہ کے روز واضح کر دی جائے گی ۔

یاد رہے 7 مئی کو پریس کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے تمام امتحانات منسوخ کرنے کا اعلان کردیا تھا ۔ انہوں نے کہا تھا کہ نویں، دسویں، گیارہویں اور بارہویں کے جو امتحانات ہورہے تھے، اب یہ امتحانات نہیں ہوں گے بلکہ بلکہ پچھلے سال کے نتائج کو دیکھ کر طلباء کو اگلی جماعت میں پروموٹ کردیا جائے گا۔